0
Friday 26 Apr 2019 22:42

اگر ملک میں صدارتی نظام آئے گا تو خان صاحب ملک کے وزیراعظم نہیں رہیں گے، نثار احمد کھوڑو

اگر ملک میں صدارتی نظام آئے گا تو خان صاحب ملک کے وزیراعظم نہیں رہیں گے، نثار احمد کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اگر ملک میں صدارتی نظام آئے گا تو خان صاحب ملک کے وزیراعظم نہیں رہیں گے، جب تک آئین ہے تب تک ملک میں صدارتی نظام نہیں آسکتا، آئین کو معطل کرنے کے بعد ہی صدارتی نظام آسکتا ہے، کیا عارف علوی وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا چاھتے ہیں۔ یہ بات نثار احمد کھوڑو نے پی پی پی میڈیا سیل میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے سابق ایم پی اے مرتضیٰ درانی اور ریٹایرڈ انکم ٹیکس افسر سہیل نقوی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر نثار کھوڑو کے ہمراہ پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، نائب صدر راشد حسین ربانی، سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ، نعمان شیخ، شکیل میمن و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ نثار احمد کھوڑو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ درانی اور سہیل نقوی کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر ویلکم کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے اتحادی ان سے بے زار ہو چکے ہیں، نہیں لگ رہا کے یہ وفاقی حکومت زیادہ وقت چل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی کا حادثاتی سربراہ بننے کی باتیں کرنے والے خود حادثاتی طور پر وفاقی حکومت میں آگئے ہیں۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ عمران خان کو بھی پی ٹی آئی والدہ سے وراثت میں ملی، وزیراعظم عمران خان کا بلاول بھٹو کے متعلق بیان ان کی گندی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، وزیراعظم نے ایسی بات کرکے تمام خواتین اور اپنی والدہ کی بھی بے عزتی کی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان طلاق کے بعد بھی جمائما سے پیسے بٹورتا رہا ہے، وہ دوسروں پر تنقید کر رہا ہے جو بیویاں نہیں سنبھال سکتا، اسے نازیبا تنقید زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے وزیراعظم عمران خان کو اکثریت نہیں دی ہے اس لئے وہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں، ریحام خان کی کتاب کے مطابق خان صاحب کی جیب میں کوکین پڑی رہتی ہے، وزیراعظم عمران خان طالبان اور کالعدم تنظیموں کے حامی ہیں، عمران خان کی ذہنیت اور سوچ کی مذمت کرتے ہیں، جلد ریحام خان کے کتاب سے پنے نکالیں گے اور جہاز سے وہ اپنے عوام کے لئے پھینکیں گے، سندھ اسمبلی نے چاروں صوبائی اسمبلیوں سے زیادہ قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے سندھ اسمبلی میں عمران خان کی طرح زبان استعمال کرتے ہیں اور ایوان کا ماحول خراب کرتے ہیں، پی ٹی آئی کو ہنگامہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا، مدینے کی سرکار اب عوام کو پیٹ پر پتھر رکھوانے جا رہی ہے، 8 ماہ میں جتنی تذلیل پی ٹی آئی حکومت کی ہوئی ہے کسی اور حکومت کی نہیں ہوئی، عوام کی چیخیں نکالنے والوں کی عوام جلد چیخیں نکالے گی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاج بھی جلد ہوگا، جلسہ کرنے کا ہر جماعت کو حق ہے، وہ الگ بات ہے کہ کسی کے جلسے سے کسی کی نیندیں حرام ہونگی، پارٹی میں شامل ہونے والے دوست فعال اراکین کی طرح کام کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 790829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش