0
Sunday 5 May 2019 22:45
فکر خمینی نہ اسرائیل کو زندہ رہنے دیگی اور نہ اسکے ناجائز باپ امریکہ کو، معراج الہدیٰ صدیقی

امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل ہمارے دشمن ہیں، انہی نے داعش کو ہم پر مسلط کیا، علامہ ناصر عباس جعفری

دشمن کے ایماء پر پاکستان میں داعش کو لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، قاضی احمد نورانی
امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل ہمارے دشمن ہیں، انہی نے داعش کو ہم پر مسلط کیا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے تحت کراچی کے مقامی ہال میں وحدت اسلامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شیعہ سنی اکابرین سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے مرکزی خطاب ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کیا۔ کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء معراج الہدیٰ صدیقی، تحریک منہاج القرآن کے رہنماء علامہ آفتاب اظہر، مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین، ملی یکجہتی کونسل کراچی کے صدر قاضی احمد نورانی، جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنماء شبر رضا، پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء ظفر اقبال قادری، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے صدر علامہ نثار قلندری سمیت دیگر سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وحدت ایک عمل ہے، جو دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے ہے، برطانیہ نے مسلمانوں کے اتحاد کو توڑ کر پورے برصغیر پر قبضہ کیا، مسلمانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے بعد مسلمانوں کے دل میں اسرائیل کی ریاست بنائی، امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور انکے اتحادی ہمارے دشمن ہیں، یہی ہیں جو داعش جیسی قوت کو بنا کر ہم پر مسلط کرتے ہیں، اگر مسلمان ممالک اکٹھے ہوں تو ڈونلڈ ٹرمپ کی مجال نہیں کہ وہ کسی مسلم لیڈر کی توہین کرسکے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امام خمینی کہتے تھے کہ جو شیعہ سنی کے درمیان تفرقے کی بات کرے، وہ ہم میں سے نہیں، پاکستان میں دشمن نے بہت سرمایہ کاری کی ہے، مسلمانان پاکستان کے آپس کے اتحاد کو ختم کرنے کی منظم کوشش کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 کروڑ کے ایٹمی ملک کو عالمی طاقتوں نے کمزور کر دیا ہے، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے سربراہ اب آئی ایم ایف لگوا رہا ہے، آج لوگ سیکولر جماعت میں سب اکٹھے بیٹھتے ہیں مگر مذہبی پلیٹ فارم پر متحد نہیں، ہم کو قومی، لسانی، فرقہ پرستی سمیت کئی مسائل میں الجھا دیا گیا ہے، آج ہمارے ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، ظالم اور بے حس حکمران ہم پر مسلط کر دیئے گئے ہیں، کراچی میں صدراتی کیمپ آفس کے باہر ہماری مائیں بہنیں 8 روز سے سراپا احتجاج ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ اگر ہمارا بچہ مرگیا ہے تو اس کی لاش دے دو، اگر زندہ ہیں تو انہیں کورٹ میں پیش کر دو۔ انہوں نے سوال کیا کہ کہاں ہے پاکستان کی ریاست، کہاں ہیں انصاف کے ادارے۔؟

پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے، اسے عدالت میں پیش کرنا چاہیئے، مسنگ پرسنز کا مسئلہ پہلے بھی ایوان میں اٹھایا ہے، پھر اٹھائیں گے، اگر بندہ مر جائے تو گھر والوں کو سکون مل جاتا ہے، لیکن اگر غائب کر دیا جائے تو اہل خانہ کو کسی صورت سکون نہیں ملتا، ہمیں وحدت اسلامی کے ساتھ ساتھ وحدت پاکستان کیلئے بھی کوشش کرنے چاہیئے، ہمیں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکہجتی کے لئے اقدامات کرنے چاہیئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر معراج الہدیٰ نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں اسلامو فوبیا کی سوچ جب مسجد پر حملہ آور ہوتی ہے تو مسلک نہی پوچھتی۔ انہوں نے کہا کہ داعش بنانے کا انکشاف دنیا کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فکر خمینی نہ اسرائیل کو زندہ رہنے دے گی اور نہ اس کے ناجائز باپ امریکہ کو۔ آج غزہ اسرائیلی میزائلوں کے نشانے پر ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء علامہ آفتاب اظہر کا کہنا تھا کہ نبی کریم نے چودہ سو سال قبل امت مسلمہ میں ایمانی انقلاب برپا کیا، جس معاشرے کی تقسیم طبقاتی بنیادوں پر ہو، وہ ترقی نہیں کرتا، ڈاکٹر طاہر القادری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے کبھی کسی مسلک کی تکفیر نہیں کی، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک مظلوموں کے حقوق کی مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر علامہ قاضی نورانی نے کہا کہ سحر و افطار پر امت مسلمہ انواع و اقسام کے کھانے کھا رہے ہوں گے تو وہیں فلسطین کے مسلمان اپنے پیاروں کی لاشین اٹھا رہے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے دشمن کی کوششوں کو ناکام بنایا، دشمن کے ایماء پر پاکستان میں داعش کو لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسلام کی حقانیت پر حملہ کرنے کے لئے طرح طرح کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 792408
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش