0
Wednesday 22 May 2019 17:41

حکومت سے عوام کی توقعات دم توڑتی جا رہی ہیں، معصوم نقوی

حکومت سے عوام کی توقعات دم توڑتی جا رہی ہیں، معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مخالفین پر الزامات عائد کرنے کی روش ترک کرکے عوام کے بنیادی مسائل حل کرے، 9 ماہ سے کرپشن کا راگ بہت الاپا جا چکا ہے، اب لوگ کرپشن ڈرامے اور بیان بازی سے تنگ آ چکے ہیں، ڈالر اگر 155 روپے اور ہمارے روپے کی بے قدری اپنے عروج پر پہنچ جائے تو کہاں تک لوگ یہ برداشت کریں گے، عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جا رہی ہے اور حکومت اب بھی چور ڈاکو کے الزامات کے پیچھے لگا کر لوگوں کو بیوقوف بنا رہی ہے، قوم اب کرپشن الزامات کے لالی پاپ کے دھوکے میں نہیں آئے گی، تنخواہ دار طبقہ ،روزانہ کی بنیاد پر کمانے والا مزدور دیہاڑی دار مہنگائی کی چکی میں پستا جا رہا ہے، لیکن بات صرف یہ ہے کہ جو بھی برسر اقتدار آتا ہے، غریب کی بات کرتا مگر سب سے زیادہ اسی کو ڈستا ہے، چونکہ مسائل کا سامنا تو اس کو ہے، جو مزدوری کرکے بھی شام کو اپنے بچوں کی روٹی کیلئے کچھ نہیں کما سکتا، اس کے گھر کا چولہا ٹھنڈا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محلات میں رہنے والوں اور سرکاری خرچ پر پلنے والوں کیلئے مہنگائی کوئی مسئلہ ہے اور نہ انہیں کوئی پریشانی، اس میں کوئی شک نہیں کہ گذشتہ حکومتوں نے کرپشن کی انتہا کر دی تھی لیکن موجودہ حکومت نے کیا کیا ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو عوام پوچھ رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی بیروزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے اور ڈالر کو واپس 120 روپے کی پوزیشن پر لانے کا مطالبہ کیا۔ پیر معصوم نقوی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے عوام کی توقعات دم توڑتی جا رہی ہیں، اگر حکومت نے راست اقدامات نہ کیے تو اپوزیشن کیلئے مہنگائی کو ایشو بنا کر احتجاج کرنے کا یہ بہترین موقع ہوگا۔ دریں اثناء جے یو پی کے سربراہ پیر معصوم نقوی نے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے جواں سال صاحبزادے کی ٹریفک حادثے میں موت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے قمر کائرہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کا دکھ برداشت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، اللہ تعالی ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 795629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش