0
Wednesday 22 May 2019 10:56

مقبوضہ کشمیر کی قومی شاہراہ پر پابندیاں ہٹائی گئیں

مقبوضہ کشمیر کی قومی شاہراہ پر پابندیاں ہٹائی گئیں
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی صورتحال اور حفاظتی دستوں کی ضرورت کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی گورنر نے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر عام گاڑیوں کے چلنے پر عائد پابندی کو 27 مئی 2019ء سے مکمل طور ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پلوامہ حملے کے بعد قابض فورسز کی نقل و حمل مدِنظر رکھتے ہوئے یہ پابندیاں لازمی بن گئی تھیں۔ کشمیر میں امن و قانون برقرار رکھنے اور عام انتخابات کے انعقاد کے لئے اضافی فورسز کی ضرورت پڑی تھی۔ قابض فورسز کی کانوائی کی بلا خلل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لئے شاہراہ کے بارہمولہ سے اودھمپور تک کے حصے پر سول ٹریفک کے چلنے پر ہفتے میں دوبار اتوار اور بدھ کو صبح چار بجے سے شام پانچ بجے تک پابندی عائد کی گئی تھی تاہم پابندی کے دوران مجبوری کی حالت میں سول ٹریفک کے چلنے کیلئے مقامی انتظامیہ نے مناسب انتظامات کئے تھے۔

اس سے قبل 22 اپریل 2019ء کو شاہراہ کے سرینگر بارہمولہ حصے پر عائد پابندی میں نرمی برتی گئی اور اس کو صرف ہر اتوار تک محدود کیا گیا تھا اور بعد میں 2 مئی 2019ء سے یہ پابندی مکمل طور ہٹائی گئی تھی جبکہ سرینگر اودھمپور حصے پر عائد پابندی کو 13 مئی 2019ء سے نرم کر کے ہفتے میں ایک دن تک محدود کیا گیا تھا۔ تمام سیکورٹی ایجنسیوں، پولیس و سول انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد گورنر نے امرناتھ  یاترا کے احسن انعقاد کیلئے 27 مئی 2019ء سے شاہراہ پر عائد پابندیاں مکمل طور ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر نے اس سلسلے میں لوگوں کے تعاون کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 795638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش