0
Thursday 30 May 2019 23:28

بعد کی پریشانی سے بچنے کیلئے اثاثے ظاہر کریں اور سکون کی نیند سوئیں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام

بعد کی پریشانی سے بچنے کیلئے اثاثے ظاہر کریں اور سکون کی نیند سوئیں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضمانت دیتے ہیں کہ عوام کا پیسہ ان پر ہی خرچ ہوگا اور چوری نہیں ہوگا۔ قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں میں سے صرف ایک فیصد پاکستانی ٹیکس فائلر ہیں، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام اپنے اثاثوں کو ظاہر کریں، 30 جون تک آپ کے پاس موقع ہے بے نامی اکاؤنٹس اور اثاثوں کو ظاہر کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب عوام ٹیکس نہیں دیں گے تو حکومت کو قرضے لینے پڑتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اداروں کے پاس آپ کی تمام معلومات آچکی ہیں اور روزانہ کے حساب سے نئی معلومات موصول ہوتی رہتی ہیں، بہتر یہ ہے کہ بعد کی پریشانی سے بچنے کے لیے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا لیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آپ اپنے اثاثے ظاہر کریں تاکہ آپ بھی سکون کی نیند سو سکیں اور کوئی ادارہ آپ کو تنگ نہیں کرے گا اور ہم اپنے ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر ملک کو معاشی مسائل سے نکالنا ہے اور اس کے لیے ہمیں آپ کے ساتھ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ضمانت دیتا ہوں، آپ کا پیسا آپ پر اور اس ملک پر ہی خرچ ہوگا اور یہ چوری نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں طویل عرصے سے زیر غور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم 2019ء کی منظوری دی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 797132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش