0
Sunday 12 Jul 2009 09:47

افغانستان میں طالبان کو پسپا کر دیا لیکن طویل سفر باقی ہے،اوباما

القاعدہ کی مذمت کرنے اور ہتھیار پھینکنے تک طالبان سے کوئی بات نہیں ہو سکتی،ہالبروک
افغانستان میں طالبان کو پسپا کر دیا لیکن طویل سفر باقی ہے،اوباما
اکرا:امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کو کامیابیاں مل رہی ہیں اور انہوں نے طالبان کو خاصا کمزور کر دیا ہے لیکن اب بھی طویل سفر باقی ہے۔گھانا کے دورے پر اسکائی نیوز کو انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ رواں موسم گرما میں طالبان کے ساتھ سخت لڑائی ہو رہی ہے اور اتحادی افواج نے انھیں پیچھے دھکیل دیا ہے لیکن انہیں مکمل شکست دینے میں ابھی بہت لمبا سفر طے کرنا ہے۔صدر اوباما کا کہنا تھا کہ انتخابات کے ذریعے مقاصد حاصل ہو سکتے ہیں۔امریکی اور اتحادی افواج آئندہ ماہ افغانستان میں صدارتی انتخابات کے بعد صورت حال کا اندازہ لگائیں گی اور پھر دیکھا جائے گا کہ وہ مزید کیا کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد فوجی طریقے سے نہیں ترقیاتی کاموں کے ذریعے پیش رفت ہو سکتی ہے۔
 القاعدہ کی مذمت کرنے اور ہتھیار پھینکنے تک طالبان سے کوئی بات نہیں ہو سکتی،ہالبروک

واشنگٹن:پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ افغانستان میں القاعدہ کی مذمت کرنے اور ہتھیار پھینکنے تک طالبان سے کوئی بات نہیں ہو سکتی۔ ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں رچرڈ ہالبروک کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے قانون کی عملداری قبول کرنے تک ان سے کوئی بات نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو صرف پیسے کی خاطر طالبان سے مل گئے تھے ان کی واپسی ممکن ہے امریکا ان سے مذاکرات کر سکتا ہے لیکن جو لوگ القاعدہ کی امریکا دشمن فلاسفی کی وجہ سے طالبان اور القاعدہ کے ساتھ ہیں ان سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے افغانستان کا دورہ کریں گے،جبکہ امریکا افغان الیکشن میں نہ تو کسی کی حمایت کر رہا ہے اور نہ ہی مخالفت۔انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ چند سالوں میں افغانستان کے اندر بدامنی اور امریکی افواج پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 7989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش