0
Saturday 15 Jun 2019 03:41

بلاول بھٹو زرداری عوام کی زبان بول رہے ہیں اور عوام کے ایشیو پر بات کررہے ہیں، سعید غنی

بلاول بھٹو زرداری عوام کی زبان بول رہے ہیں اور عوام کے ایشیو پر بات کررہے ہیں، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے عوام کی زبان بول رہے ہیں اور اس ملک کے عوام کے ایشیو پر بات کررہے ہیں، پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہمیں جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی ہم اتنے ہی طاقتور ہوکر سامنے آئیں گے، پیپلز پارٹی کی جماعت بہادروں کی جماعت ہے۔ اس کے قائدین اور کارکنان بہادر ہیں، نیازی کی طرح بزدل، نااہل اور نالائق نہیں ہیں، نیازی اور اس کی حکومت کی نااہلی کی سزا ملک کے 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں، سندھ اسمبلی کی باجی خرگوش اس قابل ہیں کہ انہیں اپوزیشن لیڈر کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء، ارکان سندھ اسمبلی، خواتین ارکان، مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب، عاجز دھامرہ سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے وزراء، ارکان سندھ اسمبلی اور پارٹی کے صوبائی رہنماؤں نے اسمبلی کے باہر فریال تالپور کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نیب گردی اور موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہم اپنی رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب نے ایک بار پھر موجودہ حکومت کی ایماء پر جو سیاسی مخالفین کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے اس میں وہ ایک آگے بڑھی ہے اور فریال تالپور کو انہوں نے گرفتار کیا ہے، موجودہ حکومت نے بجٹ سے قبل اور بعد از بجٹ جب عوام کو اس حکومت کی 10 ماہ کی نااہلی، مہنگائی کے ایشو سے توجہ ہٹانے کے لئے ان سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے تاکہ عوام اور میڈیا سے ان کی نااہلی اور نالائقیوں پر پردہ ڈالا جاسکے۔ سعید غنی نے کہا کہ پہلے ہمارے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو گرفتار کیا گیا، اس کے بعد حمزہ شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا اور آج فریال تالپور کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے خلاف نہیں، ہیں ہم متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ جن جن کے خلاف شواہد ہیں آپ انہیں گرفتار کریں چاہے اس میں بلاول بھٹو زرداری ہوں یا میں ہوں یا ہمارے وزیراعلیٰ سندھ ہوں یا اور کوئی ہو۔لیکن جب جب علیمہ باجی کا نام آتا ہے تو نیب کو سانپ سونگھ جاتا ہے اور نیب کو کوئی نوٹس دینے کی جرآت تک نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے علاوہ نیب کو کچھ نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں اسٹوڈنس کی جعلی رجسٹریشن کی گئی اور کڑوروں روپے نکالے گئے لیکن وہاں نیب کو کچھ نظر نہیں آتا۔ سعید غنی نے کہا کہ خود چیئرمین نیب نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کے پاس حکومتی وزراء کے کرپشن کے شواہد ہیں لیکن وہ ان کے خلاف کارروائی اس لئے نہیں کررہے کہ اگر کارروائی کی گئی تو حکومت 8 سے 10 روز میں گرجائے گی۔ انہوں نے اس کے بعد ایک ویڈیو چئیرمین نیب کے حوالے سے آئی جو چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے لئے لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ثمر کو نیب گرفتار کرتی ہے تو وزیراعظم اپنی ناراضگی کا اظہار ٹوئیٹر کے ذریعے کیا اور اس کے چند روز کے بعد خیبر پختونخواہ کے ڈی جی نیب کو ہٹا دیا جاتا ہے اور بعد ازاں ڈاکٹر ثمر کو بھی چھوڑ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا قانون کیا سیاسی مخالفین کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کے خلاف کوئی ریفرنس نہیں اور کوئی کیس نہیں چل رہا ہے لیکن ان کو گذشتہ دو سال سے جیل میں رکھا گیا ہے لیکن علیم خان، اسد قیصر کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔ سعید غنی نے کہا کہ جہانگیر ترین کے جعلی اکاؤنٹس سب کے سامنے واضح ہیں لیکن ان کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔ سعید غنی نے کہا کہ خود سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ نیب کا قانون صوبہ سندھ کے لئے الگ اور پنجاب کے لئے الگ لگتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے عوام کی زبان بول رہے ہیں اور اس ملک کے عوام کے اشیو پر بات کررہے ہیں، ان کو اور ان کی پارٹی کو بھی تنگ کرو تاکہ وہ عوام کو ان کی حقیقت نہ بتا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیازی ٹبر کو یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماء اور کارکنان کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہمیں جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی ہم اتنے ہی طاقتور ہوکر سامنے آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد سمجھا گیا کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی، شہید بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی سمجھا گیا کہ پیپلز پارٹی اب ختم ہوگئی، 10 سال تک آصف علی زرداری کی کردارکشی کی گئی لیکن پیپلز پارٹی زیادہ سے زیادہ مضبوط ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جماعت بہادروں کی جماعت ہے، اس کے قائدین اور کارکنان بہادر ہیں، نیازی کی طرح بزدل، نااہل اور نالائق نہیں ہیں اور جس دن یہاں کی عوام نے ان کے گریبان میں ہاتھ ڈالا تو یہ یہاں رہ بھی نہیں سکیں گے اور انہیں معلوم ہوجائے گا کہ سیاست کیا چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی اور اس کی حکومت کی نااہلی کی سزا ملک کے 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 799540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش