0
Saturday 15 Jun 2019 12:51

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشتاق سکھیرا کی برطرفی کا حکم نامہ معطل کر دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشتاق سکھیرا کی برطرفی کا حکم نامہ معطل کر دیا
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشتاق سکھیرا کی بطور وفاقی ٹیکس محتسب برطرفی کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے صدر مملکت، وزیر اعظم اور سیکرٹری قانون سے اس معاملے کی رپورٹ طللب کرلی۔ تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے مشتاق سکھیرا کو آئندہ سماعت تک اپنے عہدے پر کام کرنے سے روک دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت قانون نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے مشتاق سکھیرا کی وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے پر تعیناتی ختم کردی تھی، جس پر انہوں نے اپنی وکیل زینب جنجوعہ کے ذریعے اس حکومتی اقدام کو عدالت میں چیلنج کردیا تھا، جنہوں نے عدالت میں درخواست جمع کروائی کہ وفاقی ٹیکس محتسب کی تعیناتی اور برطرفی ایف ٹی او آرڈیننس 2000ء اور وفاقی محتسب ادارہ اصلاحاتی قوانین 2013ء کے تحت کی گئی۔ ایف ٹو او آرڈیننس 2000ء کی دفعہ 5، 6 (2) کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ایک مرتبہ جب وفاقی محتسب اپنے عہدے کا حلف اٹھا لے تو اسے صرف سپریم جوڈیشل کونسل کے ذریعے ہی برطرف کیا جاسکتا ہے۔ تاہم وزارت قانون نے اس معاملے کو سپریم جوڈیشل کونسل کے پاس نہیں بھجوایا اور ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ان کی تعیناتی کو غلط قرار دے دیا۔

جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے صدر، وزیراعظم اور سیکرٹری قانون سے 15 یوم میں جواب طلب کرلیا، اس کے علاوہ اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی نوٹس بھیجتے ہوئے سماعت 24 جون تک ملتوی کردی۔ ان تمام معاملات پر گہری نظر رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ مشتاق سکھیرا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قریبی تصور کئے جاتے تھے جنہیں ماڈل ٹاؤن سانحے کے الزامات کا بھی سامنا ہے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسران کے ساتھ ان کے اختلافات بھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ 6 ایف بی آر افسران نے صدر مملکت عارف علوی کے سامنے وفاقی ٹیکس محتسب کے خلاف رپورٹ پیش کی تھی۔ قبل ازیں سیکرٹری ان لینڈ ریونیو نے وفاقی ٹیکس محتسب کو ایک خط ارسال کیا تھا جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ خط ان کے اختیارات سے تجاوز تھا۔ مذکورہ خط کی کاپی ڈان کو موصول ہو چکی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ "وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس ایسے معاملات کی تحقیقات کرنے کا اختیار نہیں جس پر نظرِ ثانی ہو چکی ہو"۔
 
خبر کا کوڈ : 799625
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش