0
Thursday 27 Jun 2019 22:09
پاک افغان دوستی اور تعاون کے نئے باب کے آغاز پر اتفاق

پاکستان، افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، وزیراعظم عمران خان

پاکستان، افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے نئے باب کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی نے دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مفاد اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مقصد کے فروغ کے لئے باہمی اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی پاک افغان دوستی اور تعاون کے نئے باب کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے وزیراعظم ہاﺅس میں ون آن ون ملاقات کی، اور بعد ازاں وفود کی سطح پر مذاکرات کئے جہاں فریقین میں دوطرفہ تعلقات کے تمام تر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان "پرامن ہمسائیگی" کے اپنے نظریئے کے تحت پاک افغان تعلقات میں معیاری تبدیلی لانے کے لئے پرعزم ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے پاک افغان روابط کے پیش بین نظریئے کی تشکیل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان قیادت اور افغان عوام کی حمایت کا حامل امن عمل افغانستان میں ایک دہائی پرانے تنازع کے خاتمے کا واحد موزوں حل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں پاکستان نے ہمیشہ نتیجہ خیز بین الافغان مکالمہ کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور اس نازک موڑ پر افغان عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم، جمہوری اور خوشحال افغانستان سے پختہ وابستگی رکھتا ہے اور افغانستان کے ساتھ سیاسی، تجارتی، اقتصادی اور عوامی سطح پر مضبوط تر تعلقات کا خواہاں ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں پائیدار امن سے دونوں ممالک کے لئے شاندار اقتصادی ثمرات حاصل ہوں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 801930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش