0
Friday 5 Jul 2019 11:40

سینیٹ کمیٹی کا سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا مطالبہ

سینیٹ کمیٹی کا سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ کمیٹی نے سعودی عرب کے ولی عہدہ محمد بن سلمان کی جانب سے 6 ماہ قبل سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی سے متعلق وعدہ وفا نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے سینیٹ کمیٹی کو سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قید پاکستانیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ سعودی حکام نے گزشتہ 6 ماہ میں کوئی ایک پاکستانی بھی رہا نہیں کیا جو باعث افسوس ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ حکومت پاکستان نے قیدیوں سے متعلق تفصیلات سعودی حکام کو فراہم کیں اور کئی مرتبہ یاد دہانی بھی کروائی گئی۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم سعودی ولی عہد کے وعدے پر پاکستانیوں کی رہائی کے لیے بہت پُرامید تھے اور ہم اب بھی امید کرتے ہیں کہ حکومت مذکورہ معاملہ اعلیٰ سطح پر دوبارہ سعودی حکومت سے زیر بحث لائے گی۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے اور اپنے دورے میں انہوں نے عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید 2 ہزار سے زائد پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔ تاہم قیدیوں کی رہائی میں تاخیر پر اپوزیشن نے ماہ اپریل میں خدشات کا اظہار کیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد ندیم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے مئی میں کیے گئے دورے پر سعودی ولی عہد کو اپنے وعدے سے متعلق یاددہانی کروائی تھی۔
خبر کا کوڈ : 803205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش