0
Saturday 13 Jul 2019 09:34

آزادی حاصل کیے بغیر کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے، راجہ فاروق

آزادی حاصل کیے بغیر کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بند کرانے کیلئے عالمی برادری و انسانی حقوق کے ادارے اپنا کردار ادا کریں، بھارت اشتعال انگیزی کیلئے کنٹرول لائن کے قریبی مکینوں کو گولہ باری کا نشانہ بنا رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں حق آزادی کیلئے آواز بلند کرنے والوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے، تنازعہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار و دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے سپین کے صوبہ کاٹولونیہ (Catalunya) کی پارلیمنٹ کے دورہ کے دوران ممبران صوبائی پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ ان کے پرنسپل سیکرٹری امجد پرویز علی خان، ایڈیشنل پی ایس او راجہ ارشد محمود و دیگر بھی تھے۔ وزیراعظم کا صوبائی پارلیمنٹ میں پہنچنے پر سوشلسٹ پارٹی کے رہنما مسٹر ڈیوڈ پیریز(David Perez ) نے گرمجوشی سے استقبال کیا اور وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کراتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں دونوں رہنماﺅں کے درمیان باضابطہ ملاقات ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر اور اس کے پرامن حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ کے ہال میں تمام پارٹیوں و دفتر خارجہ کے نمائندگان، میڈیا کی موجودگی میں رواں سال کے ماہ نومبر میں باضابطہ بحث (سرکاری سطح پر مباحثہ) کرانے پر اتفاق ہوا جس کی میزبانی معزز رکن پارلیمنٹ کریں گے۔ مباحثہ میں تمام پارلیمانی پارٹیوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

سوشلسٹ پارٹی کے رہنما و رکن پارلیمنٹ مسٹر ڈیوڈ پیریز(David Perez ) و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دبانے کے لئے اندھا دھند طاقت کا استعمال کر رہا ہے۔ سات لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں مقبوضہ کشمیر ایک خونی چھاﺅنی میں تبدیل ہو چکا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لیکر گیا اور عالمی برادری کے سامنے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا مگر 71سال گزرنے کے باوجود اس نے اپنے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کیا اور آج اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کیلئے آواز بلند کرنے والوں کو بھارتی سیکورٹی ایجنسیاں اٹھا کر تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں، ماورائے عدالت کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا جس سے کشمیریوں میں بھارت کے خلاف نفرت اور خطہ کے اندر تناﺅ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

راجہ فاروق نے کہا کہ بھارت سے آزادی حاصل کیے بغیر کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے، بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کو غلام بنائے رکھے گا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباﺅ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے، مقبوضہ ریاست سے اپنی فوجیں واپس بلائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق حق خودارادیت دے، معزز رکن پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپین کے عوام کشمیریوں کے حق آزادی کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں اور دنیا بھر میں امن و آشتی کیلئے ہم اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 804754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش