0
Monday 15 Jul 2019 10:14

قابض ہندوستانی افواج کا نشانہ کشمیری نوجوان ہیں، راجہ فاروق

قابض ہندوستانی افواج کا نشانہ کشمیری نوجوان ہیں، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان سے سپین کی نیشنل پارلیمنٹ کی ممبر Merce Pereu کی ملاقات۔ ہسپانوی ممبر اسمبلی کا سپین کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر اٹھانے کا اعلان۔ ممبر سپین نیشنل پارلیمنٹ میرے پیریا نے کشمیریوں کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کشمیریوں کی آواز کو ہسپانوی (Spanish) پارلیمنٹ میں اٹھانے کا وعدہ کیا اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو یقین دلایا کہ وہ پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کمیشن، خارجہ تعلقات کمیشن اور دفتر خارجہ کے ساتھ بھی اس مسئلے کو اٹھائیں گی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کے جنگی جرائم سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ہسپانوی ممبر پارلیمنٹ نے کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی حمایت کیلئے مختلف سطح پر بھی لابنگ کی یقین دہانی کروائی۔ ہسپانوی ممبر اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپین کی پارلیمنٹ کے دیگر ممبران کو بھی اس مسئلے کی سنگینی پر بریف کریں گی تاکہ وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جا سکے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ اپنے جائز حق حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے انسانیت سوز مظالم کے باوجود ان کے جذبہ حریت میں کمی نہیں آئی اور وہ اپنی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی آواز کو طاقت کے بل بوتے پر دبانا چاہتا ہے۔ قابض ہندوستانی افواج کا نشانہ کشمیری نوجوان ہیں۔ ہندوستان نے اپنی قابض افواج کو کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ قابض افواج مہلک ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے۔ پیلٹ گنوں سے کشمیری نوجوانوں کی بینائی چھینی جا رہی ہے۔ نوجوانوں کو اغواء اور عورتوں کی عصمت دریاں کی جاتی ہیں۔ حریت رہنماؤں کی نظربندیاں اور گرفتاریاں معمول ہیں۔ راجہ فاروق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و استبداد کے ساتھ ساتھ ہندوستان جنگ بندی لائن پر بھی معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اس موقع پر ہسپانوی ممبر پارلیمنٹ نے میرسے پیرا نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو نومبر میں دوبارہ سپین آنے کی بھی دعوت دی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم کو نومبر میں سپین آنے کی دعوت اس سے قبل صوبائی ممبر اسمبلی بھی دے چکے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کشمیری قیادت کو اس مسئلے پر سپین میں نمائندگان کی طرف سے پزیرائی مل رہی ہے۔ اس موقع پر ممبر ہسپانوی پارلیمنٹ نے آزادکشمیر کا دورہ کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تاکہ کشمیر کی صورتحال کو قریب سے دیکھ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 805083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش