0
Saturday 20 Jul 2019 13:32

وادی گولین میں سیلاب تباہ ہونے والی پانی کی پائپ لائن تاحال بحال نہیں ہوسکی

وادی گولین میں سیلاب تباہ ہونے والی پانی کی پائپ لائن تاحال بحال نہیں ہوسکی
اسلام ٹائمز۔ چترال کی جنت نظیر وادی گولین گول میں 7 جولائی کو گلیشیر پھٹنے کے بعد سیلاب نے تمام وادی کی انفراسٹرکچر کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔ وادی کو جانے والی سڑک اور اس پر تعمیر 4 پُل بھی تباہ ہیں۔ مقامی لوگوں نے دریا پر پائپ اور بجلی کے کھنبے رکھ کر عارضی گزرگاہیں بنائی ہیں جس کے ساتھ ایک رسی کو بھی باندھا گیا ہے تاکہ گزرنے والے لوگ اس رسی کو پکڑیں، تاکہ دریا میں گرنے سے بچ جائے۔ اس وادی میں پینے کے صاف پانی کے متعدد قدرتی چشمے ہیں جس سے چترال کے مختلف علاقوں کو کروڑوں روپے کی لاگت سے پائپ لائن کے ذریعے یہ پانی پہنچایا گیا ہے، مگر حالیہ سیلاب کی وجہ سے یہ پائپ لائن بھی مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے جس میں ابھی پانی کا گزرنا نہایت مشکل ہے، جب تک اسے دوبارہ بحال نہ کیا جائے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ کے زیر نگرانی گولین گول واٹر سپلائی سکیم کے نام سے 36 کروڑ روپے کی لاگت سے چترال ٹاؤن میں پینے کے پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی تھی جس پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیرنگ کے ایگزیکٹیو انجنیر نے حکام بالا کو تحریری طور پر لکھا تھا کہ اس کی حفاظت بہت ضروری ہے، مگر محکمے کے ارباب اختیار ٹس سے مس نہ ہوئے اور نتیجہ یہ ہوا کہ یہ پائپ لائن سیلاب میں بہہ گئی۔ اس واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایگزیکٹیو انجنیر محمد یعقوب اور سکیم کے ٹھیکدار حاجی محبوب اعظم نے بھی دورہ کیا تاکہ واٹر سپلائی سکیم جلد سے جلد دوبارہ بحا ل کی جاسکے۔

ایکسین محمد یعقوب نے بتایا کہ 13 دیہاتوں سمیت ٹاؤن کی 40 ہزار آبادی کو بلا ناغہ روزانہ پانی جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ٹھیکیدار سے درخواست کی ہے کہ وہ ادھار پر یہ پائپ لائن بحال کرے کیونکہ ان کے پاس فنڈ نہیں ہے، ہماری کوشش ہے کہ عید سے پہلے پہلے یہ سکیم دوبارہ بحال کر لیں۔ اس کے علاوہ ہماری پانچ سکیمیں تباہ ہوچکی ہیں جن پر تیزی سے کام ہو رہا ہے اور ہم بہت جلد ان کو بحال کر رہے ہیں، مگر مشکلات یہ ہے کہ سڑک مکمل تباہ ہے، تمام پُل سیلاب کی وجہ سے ختم ہوچکے ہیں اور ہماری مشینری موقع پر نہیں پہنچ سکتی۔ واضح رہے کہ وادی گولین میں 7 جولائی کی سیلاب نے تباہی مچائی ہے، ابھی تک 108 میگا واٹ بجلی گھر بھی بند ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق واپڈا کو روزانہ آٹھ کروڑ روپے نقصان اُٹھانا پڑتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 805976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش