0
Friday 16 Aug 2019 21:04

آج ثابت ہوا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے، ملیحہ لودھی

آج ثابت ہوا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے، ملیحہ لودھی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں مستقل چینی مندوب کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، مسئلہ کشمیر ان ہی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔ بھارت کے حالیہ اقدام سے خطے کی کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے۔ فریقین کو کسی بھی یکطرفہ کارروائی سے گریز کرنا چاہیئے۔ چینی مندوب کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل ارکان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان اور بھارت ترقی پذیر ممالک ہیں، جنوبی ایشیا میں امن ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ چین اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے۔ یہ اجلاس پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر بلایا گیا تھا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ آج ثابت ہوا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ پاکستان جموں و کشمیر کے پرامن حل کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کے اجلاس کو رکوانے کی کوشش کی گئی، لیکن اس کے باوجود آج جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز سنی گئی ہے۔ پاکستان نے مظلوم کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچا دی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 810960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش