0
Wednesday 11 Sep 2019 17:13

یوم عاشور کے اختتام پر ملتان میں حسینی امن ریلی، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

یوم عاشور کے اختتام پر ملتان میں حسینی امن ریلی، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ قدیمی و مرکزی امام بارگاہ حیدری کمیٹی النگ دہلی گیٹ سے دولت گیٹ چوک تک حسینی امن ریلی نکالی گئی، ریلی کے موقع پر شرکاء نے شیعہ سنی بھائی بھائی، اتحاد بین المسلمین کے نعرے لگائے اور اس موقع پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔ ریلی کی قیادت وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے خزانہ مخدوم زادہ زین قریشی، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محمد ندیم قریشی، ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ، مخدوم سید حسن رضا مشہدی، سید علی رضا گردیزی، سابق صوبائی وزیر حاجی احسان الدین قریشی، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، علامہ عبدالحق مجاہد، تحفظ عزاداری کے رہنما سید طالب حسین پرواز نے کی، جبکہ ریلی میں دیگر سیاسی، مذہبی، سماجی، تجارتی رہنماؤں مخدوم غوث گیلانی، ملک خاور حسنین بھٹہ، مولانا سلیم حیدر، پیر عظمت سلطان بخاری، سبطین رضا لودھی، عمران گردیزی کے علاوہ دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مخدوم زادہ زین قریشی، ڈاکٹر اختر ملک، محمد ندیم قریشی، الحاج شفقت حسنین بھٹہ، شیخ طارق رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کربلا نے میدان کربلا میں حق و سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس دیا اور دین اسلام کی بقاء کے لئے قربانیاں دیں ان کو تا قیامت فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ ملتان سے ہمیشہ اتحاد، اخوت، امن اور بھائی چارے کا پیغام صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں گیا ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو مودی کی بربریت کا شکار ہو رہے ہیں اور کرفیو کی حالت میں بھی شہدائے کربلا کا غم منا رہے ہیں، ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ملتان سمیت ملک بھر کے عوام کشمیر کے مسئلے پر سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لئے متحد ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 815632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش