1
1
Friday 20 Sep 2019 15:19

امریکا، تیل کی سعودی تنصیبات پر ہونے والے حملے سے جنم لینے والے بحران کا پر امن حل چاہتا ہے، پومپیو

امریکا، تیل کی سعودی تنصیبات پر ہونے والے حملے سے جنم لینے والے بحران کا پر امن حل چاہتا ہے، پومپیو
اسلام ٹائمز۔ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا، تیل کی سعودی تنصیبات پر ہونے والے حملے سے جنم لینے والے بحران کا پر امن حل چاہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پومپیو نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سعودی تیل کی تنصیبات پر ہونے والے حملے کا الزام ایران پر لگایا تھا اور اس جنگی حرکت کی مذمت کی تھی جس کے نتیجے میں سعودی عرب نے تیل کی تقریباً نصف پیداوار روک دی تھی۔ مذکورہ بیان بازی نے سعودی عرب اور ایران کے مابین اشتعال انگیزی کے خطرے میں مزید اضافہ کردیا تھا جن کے تعلقات خطے میں غلبہ پانے کے لیے پہلے ہی کئی دہائیوں سے کشیدہ ہیں۔ دوسری جانب اس کشیدگی کے پیشِ نظر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکا اور اس کے اتحادی خلیج ممالک پر واضح کیا کہ اگر ایران پر فضائی حملہ ہوا تو کھلی جنگ ہوگی۔ چنانچہ سعودی دارالحکومت ریاض اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں اتحادیوں سے ملاقات کرنے کے بعد مائیک پومپیو نے کہا کہ اس حوالے سے خطے میں اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے کہ ایران کی تردید کے باوجود حملے اسی نے کیے ہیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس محاذ آرائی سے نکلنے کی راہ تلاش کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پرامن حل چاہتے ہیں اور میرے خیال میں ہم نے ایسا کر کے بھی دکھایا اور مجھے امید ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بھی اس کو اس نظر سے دیکھے گا۔ خیال رہے کہ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ جدہ سے ریاض پہنچے تھے اس سے قبل انہوں نے ولی محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی جو سعودی عرب کے ڈیفیکٹو حکمران ہیں اور تیل کی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کو عالمی خواہش کے لیے حقیقی امتحان قرار دے چکے ہیں۔ اس سے قبل سعودی حکام نے انکشاف کیا تھا کہ ملک کے مشرق میں قائم تیل کی تنصیبات پر 25 ڈرونز اور کروز میزائلز سے حملہ کیا گیا تھا جس سے وہاں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ مذکورہ حملوں کی ذمہ داری سعودی عرب کے پڑوسی ملک یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے قبول کی تھی لیکن واشنگٹن اور ریاض دونوں نے اس کو تسلیم نہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملہ باغیوں کی استعداد سے بڑھ کر ہے۔
خبر کا کوڈ : 817304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Nasrullah
Pakistan
ab aa gay na apni asli haqeeqat pe bhigi bili banane waly ko zaleel aur bhar poor jawab sene waly ko soch kar jawab detay hain
ہماری پیشکش