0
Wednesday 25 Sep 2019 15:32

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مبنی فیکٹ شیٹ یو این او کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو ارسال

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مبنی فیکٹ شیٹ یو این او کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو ارسال
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور سلامتی کونسل کے صدر واسیلی نیبنزیا کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور حقائق پر مبنی فیکٹ شیٹ کے ساتھ خط ارسال کردیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں تنازع کشمیر سے متعلق پاکستان کا قانونی کیس بیان کیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیرپا حل چاہتا ہے، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا 5 اگست کا اقدام یکطرفہ، غیر آئینی اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو آئین کا آرٹیکل 370 ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی، جس کے بعد کانسٹی ٹیوشن (ایپلی کیشن ٹو جموں و کشمیر) آرڈر 2019 کا خصوصی آرٹیکل نافذ کردیا گیا اور اس کے تحت بھارتی حکومت مقبوضہ وادی کو وفاق کے زیر انتظام کرنے سمیت وہاں پر بھارتی قوانین کا نفاذ بھی کرسکے گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بزور طاقت مسلم آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، پاکستان ہر سطح پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تنازع زدہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل، عالمی فورمز، شملہ معاہدہ، 1999ء کے لاہور اعلامیہ اور 2004ء کے اسلام آباد اعلامیہ کے مطابق کشمیر متنازع علاقہ ہے اور بھارت نے ان فورمز سمیت باہمی بات چیت میں کشمیر کو تنازع زدہ علاقہ تسلیم کیا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے 8 ہفتوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مقامیوں کو بدترین کرفیو میں محصور کر رکھا ہے، مسلسل کرفیو کے سبب ادویات اور خوراک تک میسر نہیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے حالیہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 818322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش