0
Wednesday 25 Sep 2019 23:42
سی پیک سے پورا خطہ معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائیگا

ایجادات اور جدتکاری کا سرمایہ کاری بڑھانے اور معاشی ترقی کے میدان میں کلیدی کردار ہے, گورنر بلوچستان

ایجادات اور جدتکاری کا سرمایہ کاری بڑھانے اور معاشی ترقی کے میدان میں کلیدی کردار ہے, گورنر بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ چائنا پاکستانی اقتصادی راہداری ایک ناقابل تردید حقیقت بن چکی ہے اس عظیم منصوبے پر عمل درآمد سے پاکستان اور بلوچستان سمیت پورا خطہ تجار تی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ اس طرح زراعت، صنعت، معدنیات اور ذرائع ابلاغ کے شعبوں کو وسعت ملے گی، انہوں نے کہا کہ صوبہ کے وسائل اور خاص کر افرادی قوت کے درست استعمال سے ہمارا صوبہ بڑی آسانی سے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یونیورسٹی آف بلوچستان میں ایجادات تا جدت کاری کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ملک بھر سے ماہرین و محقیقین نے شرکت کی، جن میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق صابر، صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی، بحریہ یونیورسٹی کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل (ر) محمد مختار خان، آئی آر پی کے عابد نوشیروانی اور ڈاکٹر وحید نور شامل تھے۔

شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا ایجادات اور جدت کاری کا سرمایہ کاری بڑھانے اور معاشی ترقی کے میدان میں کلیدی کردار ہے۔ وقت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا اور نئے رجحانات سے مستفید ہونا انتہائی ضروری ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہاکہ صوبے میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے اور نہ ہی ہم پسماندہ ہیں۔ ضروری سہولتوں اور مواقعوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہم اپنے ماہرین اور محققین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں ابھی تک ناکام ہیں۔ تاہم آج بھی ہماری یونیورسٹیوں میں بہت اعلٰی سطح کے باصلاحیت، ذہین اور ماہرین موجود ہیں۔ وہ سماج کو سمجھنے اور بدلنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم ان کے علم اور تجربے کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار نہیں لا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضروری ہے کہ اپنے درپیش مسائل و مشکلات کے پائیدارحل نکالنے میں اپنے ماہرین اور محققین کی رہنمائی اور مدد لیں، گویا ہم اپنے مسائل کا حل خود ڈھونڈ سکتے ہیں، گورنر نے ایجادات تا جدت کاری کے موضوع کو وقت کے تقاضوں اور انسانی ضروریات کے مطابق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی معیاری اور صحت مند تقریبات کاسلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔ شرکاء سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، صوبائی وزیر نوابزدہ طارق مگسی، ریئر ایڈمرل (ر) محمد مختار خان نے بھی خطاب کیا۔ گورنر نے وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی اور ان کی پوری ٹیم کی کامیابی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے ایجادات تا جدت کاری کے موضوع پر لگائے گئے اسٹالوں کا معائنہ کیا، طلباء و طالبات کی سائنسی تخلیقات کو سراہا اور ان میں مزیر نکھار پید اکرنے کی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 818401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش