0
Saturday 2 Jul 2011 20:24

دھوکے بازی کی سیاست کے دن گئے، صاف بات کی جائے، حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بننا چاہیے، نواز شریف

دھوکے بازی کی سیاست کے دن گئے، صاف بات کی جائے، حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بننا چاہیے، نواز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لیے گرینڈ الائنس بنانا چاہیے، مسائل حل ہوتے نظر آتے تو آج یہ باتیں نہ کرتا، اب ہر بات پر مک مکاوٴ اور مٹی پاوٴ نہیں چلے گا۔ لاہور میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں دھوکے بازی کی سیاست کے دن گزر گئے، اپوزیشن بنچز پر بیٹھنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے تین سال کے دوران مسائل حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ ایبٹ آباد انکوائری پر چویدری شجاعت کے بیان سے متعلق سوال پر میاں نواز شریف نے کہا کہ اب مک مکاوٴ اور مٹی پاوٴ کی سیاست نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے، اور لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات کی حالت سب پر عیاں ہے، زلزلہ متاثرین کے لیے ملنے والی رقم الیکشن پر خرچ کی گئی۔ میاں نواز شریف نے ڈرون حملوں سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ حکومت عوام کو دھوکا نہ دے اور صاف بات کرے۔
مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے گرینڈ الائنس بنتا ہے تو ضرور بننا چاہئے، ان کا کہنا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ لاہور میں مسلم لیگ ن بلوچستان کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی قائد نے کہا کہ بلوچستان میں احساس محرومی ختم کرنے کی ضرورت ہے جبکہ انہوں نے اکبر بگٹی کے قتل کی تحقیقات پر بھی زور دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ ایم کیو ایم سمیت اپوزیشن میں آنے والی تمام جماعتوں کا خیر مقدم کریں گے۔ نواز شریف نے ملک میں جاری توانائی کا بحران حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس ضمن میں موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔ مسلم لیگ قاف کے سربراہ کی طرف سے ایبٹ آباد واقعہ پر انکوئری کمیشن کو غیرضروری قرار دینے سے متعلق ایک سوال پر نواز شریف نے کہا کہ ان کی یہ منطق سمجھ سے باہر ہے اور یقییناً انہیں یہ بیان کسی نے لکھ کر دیا ہو گا۔ مسلم لیگ نون کے قائد نے کہا کہ انہیں اس بات کا سخت افسوس ہے کہ ناکام ریاستوں میں پاکستان کا نام بارہویں نمبر پر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ملک کا سرمایہ ہوتی ہیں، لیکن آمروں نے ذاتی مفاد کی خاطر ان پارٹیوں کے حصے بخرے کرنے کی پالیسی اپنائی۔ نواز شریف نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان سے ہو رہے ہیں، حکومت اس معاملے میں عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ مخلص کارکنوں کو آگے لا رہے ہیں، جو ملک و قوم کی خدمت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ آئین نے صوبوں کو اٹھارویں ترمیم کے ذریعے جو انصاف مہیا کیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے غیر منصفانہ فیصلوں سے اسے پامال کر دیا ہے، جو آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ ماڈل ٹاون لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن کی صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی بلوچستان کے اجلاس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وسائل کی صوبوں کو منتقلی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ جس کی بدترین مثال آئین کے مطابق سات وزارتوں کی منتقلی ہے، جہاں ذمہ داریاں تو صوبوں کو منتقل کر دی گئی ہیں لیکن وسائل وفاق نے اپنے پاس رکھ لیئے ہیں۔ ماضی میں بھی اسی طرز عمل نے ملک کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن سے ملک کا امن وابستہ ہے اور بلوچ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 82490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش