0
Saturday 2 Nov 2019 18:46

عشق رسولؐ کے دعویدار اسوہ حسنہ محمدی کی پیروی کریں، شکیل قاسمی

عشق رسولؐ کے دعویدار اسوہ حسنہ محمدی کی پیروی کریں، شکیل قاسمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نورنی) کراچی کے چیف آرگنائزر اور مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے کنونیر محمد شکیل قاسمی کا کہنا ہے کہ میلاد مصطفیٰﷺ منانے والے ہی ملک میں نظام مصطفیٰﷺ نافذ کریں گے، حضور اکرمﷺ پیغمبر انقلاب بن کر تشریف لائے، رسول اللہﷺ کے جاں نثار دشمنان اسلام کی کسی بھی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شہر کراچی نبیﷺ کے غلاموں کا شہر ہے، اس شہر میں لادینیت، بدعقیدگی اور بے راہ روی پھیلانے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے گلبہار لیاقت چوک پر پرچم کشائی کی تقریب اور سرجانی میں معروف ثناءخواں ڈاکٹر طلحہ قادری کی رہائشگاہ پر منعقدہ محفل میلاد مصطفیٰﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شکیل قاسمی نے کہا کہ ولادت مصطفیٰﷺ کی خوشی منانا کامل ایمان کی بنیاد اور دلیل ہے، آنحضورﷺ سے محبت و عقیدت ہی ایمان کی اصل ہے، محبت رسول کا تقاضا ہے کہ ناموس رسالت کا تحفظ کیا جائے۔

شکیل قاسمی نے کہا کہ حضورﷺ ہی وجہ تخلیق کائنات ہیں، غلامی رسولﷺ ہماری شناخت اور پہچان ہے، آپﷺ کی ذات بابرکت ہمارے ایمان اور زندگی کا مرکز و محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپﷺ کی ذات صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ کائنات کی تمام مخلوقات اور عالمین کیلئے سراپا رحمت بن کر جلوہ گر ہوئی، انسانیت کی بقا اسی میں ہے کہ نظام مصطفیٰﷺ کو دنیا بھر میں نافذ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عشق رسولﷺ کا دعویٰ کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ اپنی سیرت و کردار میں اسوہ حسنہ کی پیروی کریں۔ شکیل قاسمی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومت عید میلادالنبیﷺ کے جلسوں، اجتماعات اور جلوسوں کے انعقاد کے موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کرے۔
خبر کا کوڈ : 825280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش