0
Monday 4 Nov 2019 21:32

ملک میں جمہوریت اور سیاست کو اگر مضبوط کرنا ہے تو طلبہ و مزدور یونین پر سے پابندیاں ہٹانی ہوں گی، سعید غنی

ملک میں جمہوریت اور سیاست کو اگر مضبوط کرنا ہے تو طلبہ و مزدور یونین پر سے پابندیاں ہٹانی ہوں گی، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سیاست کے لئے کسی ڈگری کی نہیں بلکہ تربیت کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی نرسریاں کالجز اور جامعات ہیں، اس ملک میں جمہوریت اور سیاست کو اگر مضبوط کرنا ہے اور عوام میں شعور اور ووٹ کی طاقت کا بتانا ہے تو طلبہ و مزدور یونین پر سے پابندیاں ہٹانی ہوں گی، سندھ حکومت جلد ہی سندھ اسمبلی میں آمر ضیاء کے دور سے لگائی گئی طلبہ تنظیموں پر سے پابندی ہٹانے کا قانون منظور کرائے گی اور اگر ضرورت ہوئی تو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی اس پر آواز بلند کی جائے گی، آصف علی زرداری کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر ہم خاموش رہے ہیں لیکن اب ان کی جان سے کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس پر ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے، اسلام آباد میں مارچ پر بیٹھے ہوئے لوگوں کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے تمام مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (اسپاف) کے زیر اہتمام طلبہ تنظیموں کی پابندی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے صوبائی وزیر شبیر بجارانی، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، انفارمیشن سیکرٹری سینیٹر عاجز دھامرا، اسپاف کے صدر منصور شاہانی، جنرل سیکرٹری لالہ مراد، انفارمیشن سیکرٹری شہریار بھگت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری طلبہ یونینز پر عائد پابندی کے خلاف ہیں اور انہوں نے متعدد بار اس بات کا کھل کر اظہار کیا ہے کہ آمرانہ دور میں لگنے والی پابندی کا خاتمہ ہونا ضروری ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی طلبہ یونین پر پابندی کے خاتمے کے لئے کوشش کی لیکن کچھ قوتیں ان کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سیاست اور سیاستدانوں کے لئے طلبہ یونین اور ٹریڈ یونین نرسری کا کردار ادا کرتی ہیں اور ہمارے یہاں افسوس کہ سیاست کی نرسریوں پر پابندیاں عائد کرکے کہا جاتا ہے کہ ہم الیکشن لڑیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت اور سیاست کو اگر مضبوط کرنا ہے اور عوام میں شعور اور ووٹ کی طاقت کا بتانا ہے تو طلبہ و مزدور یونین پر سے پابندیاں ہٹانی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ  سیاست کے لئے کسی ڈگری کی نہیں بلکہ تربیت کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی نرسریاں کالجز اور جامعات ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ میں سندھ حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ سندھ اسمبلی میں طلبہ یونین پر پابندی کے لئے نہ صرف آواز اٹھائی جائے گی بلکہ اس حوالے سے قانون سازی کرکے سندھ میں طلبہ یونین سے پابندی ہٹائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 825621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش