0
Thursday 7 Nov 2019 17:17

جی بی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کی قرارداد منظور

جی بی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کی قرارداد منظور
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے جس میں صوبائی حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ آبادی کی بنیاد پر گلگت بلتستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن جی بی کے 2015ء کی ووٹر لسٹ کے مطابق آٹھ حلقوں میں ووٹرز کی تعداد تیس ہزار سے زائد ہے جبکہ دوسری طرف بعض حلقے جی بی ایل اے 4 ہنزہ نگر اور جی بی ایل اے اٹھارہ دیامر میں ووٹرز کی تعداد بالترتیب گیارہ ہزار اور پندرہ ہزار ووٹرز پر مشتمل ہے، لہٰذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ جن حلقوں میں ووٹرز کی تعداد تیس ہزار سے زائد ہے کو تقسیم کر کے اسمبلی کی اضافی نشستیں اور نئے حلقے بنائے جائیں تاکہ کثیر تعداد آبادی رکھنے والے علاقوں کی اسمبلی میں یکساں نمائندگی ہو سکے۔

یہ قرارداد قائد حزب اختلاف کیپٹن (ر) محمد شفیع خان نے ایوان میں پیش کی، وزیر پلاننگ اقبال حسن نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جب گلگت بلتستان کی آبادی آٹھ لاکھ تھی اس وقت بھی اسمبلی کے 24 حلقے تھے اور اب آبادی میں اضافہ ہو کر پندرہ لاکھ ہے تب بھی چوبیس حلقے ہیں، اس لئے آبادی کے حساب سے اسمبلی کے حلقوں کی تعداد میں اضافہ ہونا ضروری ہے۔ وزیر تعلیم حاجی ابراہیم ثنائی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کی بنیاد پر حلقوں میں اضافہ کیا جائے، اس طرح نئے اضلاع بناتے وقت بھی انصاف کیا جائے۔ وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد پر عمل درآمد کیلئے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے۔ تمام اراکین نے قرارداد کی حمایت کی، جس پر سپیکر فدا محمد ناشاد نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 826128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش