0
Thursday 14 Nov 2019 18:37

کوشش ہے کہ ہمارے پڑوس میں مزید جنگیں نہ ہوں، وزیراعظم عمران خان

کوشش ہے کہ ہمارے پڑوس میں مزید جنگیں نہ ہوں، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ مسلمان اور دیگر اقلیتوں کے لیے خطرہ ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا  کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں اور اس جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا لیکن یہ جنگ پاکستان کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی، ہم نے سیکھا کہ پاکستان آئندہ کسی جنگ کا حصہ نہیں ہوگا اور اب کسی تنازع کا حصہ بننے کے بجائے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکا نے جنگوں پر کئی ٹریلین ڈالرز جھونک دئیے لیکن اس کے برعکس چین اپنا پیسہ جنگ کے بجائے عوام کی ترقی پر خرچ کرتا ہے، پچھلے 20 سال میں چین نے جو ترقی کی ہم اس سے سبق سیکھ سکتے ہیں، کاروبار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ویزے میں نرمی سمیت کئی اصلاحات کیں، پہلے دہشتگردی کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار آنے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن اب دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔
 
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں جب بھی ضرورت ہوئی سعودی عرب نے ہماری مدد کی، ایران کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں، چاہتے ہیں سعودی ایران تنازعہ ختم ہو، افغانوں کے مابین مذاکرات کے لیے بھی پر امید ہیں، کوشش ہے کہ پاکستان کے پڑوس میں مزید تنازعات نہ ہوں اور بھارت کے ساتھ بھی حالات بہتر ہو جائیں لیکن بدقسمتی سے بھارت میں انتہا پسند اور آر ایس ایس نظریاتی پارٹی برسراقتدار ہے اور آر ایس ایس نظریےکے ماننے والے ہندو بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔  وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نسل پرستانہ برتری کے خطرناک نظریہ پر عمل پیرا ہے اور وہاں جرمن نازی کی طرح ہندوتوا نظریہ جڑیں پکڑ رہا ہے اور  ہندو توا نظریہ مسلمان اور دیگر اقلیتوں کے لیے خطرہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں 100 روز سے کرفیو نافذ ہے لیکن مودی حکومت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو نہیں دبا سکتی اور مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی بھی ممکن نہیں۔
خبر کا کوڈ : 827408
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش