0
Tuesday 5 Jul 2011 11:21

امریکی سفارتخانے میں ہم جنس پرستوں کے اجتماع کیخلاف ملک بھر میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کا احتجاج اور مظاہرے

امریکی سفارتخانے میں ہم جنس پرستوں کے اجتماع کیخلاف ملک بھر میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کا احتجاج اور مظاہرے
 لاہور،ننکانہ صاحب،پتوکی،اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ امریکی سفارتخانے میں ہم جنس پرستوں کے اجتماع کیخلاف ملک بھر میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، اس دوران لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ شرکاء نے امریکہ کےخلاف شدید نعرے لگائے، وفاقی دارالحکومت میں اسلامی جمیعت طلباء کے سینکڑوں کارکنوں نے امریکی جھنڈا نذر آتش کیا، جبکہ جمعیت علماء اسلام (س) کی اپیل پر یوم مذمت منایا گیا۔ 
پتوکی میں شباب ملی کے سینکڑوں کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ علاوہ ازیں جے یو آئی(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق، عبدالرﺅف فاروقی، مولانا شاہ عبدالعزیز و دیگر، جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما حافظ حسین احمد، جماعة الدعوة کے رہنما حافظ عبدالرحمان مکی، تحریک حرمت رسول کے کنونیئر مولانا امیر حمزہ، تحریک آزادی جموں و کشمیر کے چیئرمین سیف اللہ منصور، حافظ مسعود، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر وسیم اختر، شاہد شمسی، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری، تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید و دیگر نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانے نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی، امریکی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر ملک سے بیدخل کیا جائے اور ہم جنس پرستوں کی تقریب میں شرکت کرنیوالوں پر حدود کے مقدمات چلائے جائیں۔  لاہور میں جمعیت علما ءاسلام (س) کے رہنماﺅں علامہ ظہیر الدین، مولانا عاصم و دیگر کی زیرقیادت پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ میں شرکاء نے زبردست نعرے لگائے۔ مقررین نے کہا کہ امریکی ثقافت کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے کارکنوں نے امریکی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ کیا، زبیر صفدر اور دیگر نے کہا کہ امریکہ نے سیاسی اور فوجی مداخلت کے بعد معاشرے میں اخلاقی بگاڑ شروع کر دیا۔
ادھر ڈاکٹر وسیم اختر نے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں عریانی و فحاشی اور بے حیائی کا کلچر عام کرتے ہوئے اسلامی تہذیب ختم کرنا چاہتا ہے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماﺅں ڈاکٹر رخسانہ، عائشہ منور، سمیحہ راحیل، ڈاکٹر کوثر فردوس اور دیگر نے کہا کہ امریکی معاشرے کی آلائشوں کو یہاں فروغ دینے کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ بار کے صدر چودھری حق نواز، جماعت اسلامی کے رہنما انور زاہد، چودھری یاسین، شیخ طارق، شیخ ادریس، آصف بھٹی، باﺅ ظفر و دیگر نے پریس کلب میں ایک مشترکہ اجلاس میں حلف لیا کہ ہم جنس پرستوں کیخلاف جہاد کرینگے۔ پتوکی میں شباب ملی پتوکی کے چیئرمن میاں فیصل و دیگر کی قیادت میں ریلی کے شرکاء نے حکومت سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 83007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش