0
Saturday 7 Dec 2019 12:07

ایف بی آر چھوٹے بڑے شہروں کی ہر مارکیٹ میں ایک کمیٹی مقرر کرے گا، شبر زیدی

ایف بی آر چھوٹے بڑے شہروں کی ہر مارکیٹ میں ایک کمیٹی مقرر کرے گا، شبر زیدی
اسلام ٹائمز۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ تاجروں کا اندراج محکمہ ٹیکس میں کروانے اور ان کے مسائل دور کرنے کے لیے ملک بھر میں کمیٹیوں کے قیام کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے جاری کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجروں اور ایف بی آر کے مابین گزشتہ ماہ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے معیشت کو دستاویزی شکل دینے کی کوششوں پر تاجروں نے احتجاجاً ملک بھر میں ہڑتال کردی تھی جس کے بعد ایف بی تاجر برادری کے مطالبات پر نیم رضامند ہوگیا تھا۔ تاجروں کا احتجاج اس وقت شروع ہوا تھا جب ایف بی آر نے 2 اگست کو 3 اسکیموں کے مسودے کا نوٹفکیشن جاری کیا، جس میں کاروباری افراد کے لیے ٹیکس کے معاملات کو آسان بنانا، چھوٹے تاجروں کے لیے مقرر شدہ ٹیکس اور کاروبار کے لیے لائسنس کا اجرا شامل تھا تاکہ اس شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکے۔

کمیٹیوں کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر چھوٹے بڑے شہروں کی ہر مارکیٹ میں ایک کمیٹی مقرر کرے گا، جس میں مارکیٹ کے 2 نمائندے اور محکمہ ٹیکس کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹیوں کے قیام سے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے اور تنازعات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سے قبل تاجروں نے مذکورہ بالا اسکیموں کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ اس کے خلاف احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔ تاہم معاہدہ ہونے کے بعد ایف بی آر نے مظاہرین کے مطالبات پورے کرنے کے لیے ٹیکس قوانین میں ضروری تبدیلیاں کر کے قواعد کو حتمی شکل دے دی تھی۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ان کے احتجاج کے باوجود ایف بی آر بڑے ہول سیلرز اور تقسیم کاروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پُرعزم ہے، ہمارری توجہ صرف بڑے تاجروں پر مرکوز ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بڑے تاجروں کے سیلز ٹیکس میں اندراج کے حوالے سے کوئی مشکل درپیش نہیں۔
خبر کا کوڈ : 831267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش