0
Thursday 12 Dec 2019 11:47

بلتستان کی کمسن کوہ پیما نے ذاتی مکان بیج کر چار بڑی چوٹیاں سر کر لیں

بلتستان کی کمسن کوہ پیما نے ذاتی مکان بیج کر چار بڑی چوٹیاں سر کر لیں
اسلام ٹائمز۔ بلتستان کے ضلع گانچھے سے تعلق رکھنے والی کمسن کوہ پیماء آمنہ حنیف نے اپنا مکان بیج کر دنیا کی چار بڑی چوٹیاں سر کر لیں اور ملک کی پہلی کمسن خاتون کوہ پیماء ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ سکردو پریس کلب میں پہاڑوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمسن کوہ پیماء آمنہ حنیف نے کہا ہے کہ میں نے اپنی اس چھوٹی عمر میں اب تک چار چوٹیاں سر کر لی ہیں، جن چوٹیوں کو کامیابی کے ساتھ سر کیا ہے ان میں وادی شمشال ہنزہ میں موجود 6 ہزار 50 میٹر بلند چوٹی، سپین میں موجود 3 ہزار سات سو اٹھارہ میٹر بلند ٹائیڈ چوٹی، 3 ہزار 80 میٹر بلند سپین کی دوسری بلند ترین چوٹی، گارمو نیگرو پیک اور 6 ہزار تین سو ستر میٹر بلند بلترو پستورا پیک شامل ہے، تمام کامیابیوں کو وطن عزیز پاکستان کے نام کر دیا مگر وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا، کئی مرتبہ حکومت کے دروازے کھٹکھٹائے ہر دفعہ مایوسی ہوئی، چوٹیاں سر کرنے کیلئے ابو نے بڑی مدد کی، گھر بیچ کر ہمارے اخراجات پورے کئے، اس وقت ہم بے گھر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وسائل ملے تو دنیا کی تمام 14 بڑی چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتی ہوں، میڈیا نے ہر وقت ہماری کامیابیوں کو پذیرائی دی اور ہماری حوصلہ افزائی کی، جب ابو نے کوہ پیمائی شروع کی تو مجھے بھی اس کا شوق ہوا اور تکلیف دہ شعبے میں قدم رکھا، اللہ کے فضل و کرم سے جہاں قدم رکھا کامیابی ملی، انشاء اللہ آئندہ بھی مہم جوئی کو جاری رکھوں گی۔ آمنہ حنیف کے والد معروف کوہ پیماء محمد حنیف نے کہا کہ میری بیٹی نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں ان کے پیچھے صرف اور صرف ان کی اپنی ذاتی محنت شامل ہے، کسی حکومتی بندے نے کوئی تعاون نہیں کیا، ہمارے ہاں کوہ پیماوں کی کوئی قدر و قیمت ہی نہیں ہے، حکومت نے تعاون کیا تو میری بیٹی دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایوریسٹ اور دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو بھی سر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک کی کمسن خاتون کوہ پیماء ہونے کے باوجود میری بیٹی کی کہیں سے کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی جا رہی ہے جو شرمناک فعل ہے، میرے ساتھ بھی یہی رویہ ہے میری بیٹی کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ معروف کوہ پیماء لیٹل کریم کی پوتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 832246
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش