0
Thursday 26 Dec 2019 13:23

سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، رانا ثناءاللہ کی ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری

سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، رانا ثناءاللہ کی ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ لاہو ہائیکورٹ نے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی درخواست ضمانت منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق دس، دس لاکھ کے دو ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد رانا ثناء اللہ کی آج رہائی کا امکان ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری مشتاق احمد نے رانا ثناءاللہ کی درخواست ضمانت پر 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ رانا ثناء اللہ کے شریک ملزموں کی ٹرائل کورٹ سے ضمانت ہو چکی ہے اور ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کو  استغاثہ نے ہائیکورٹ میں چیلنج نہیں کیا۔ فیصلے میں یہ بھی قرار دیا گیا کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف منشیات کے مقدمے میں ان کا جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا۔ فیصلہ میں یہ بھی باور کرایا گیا کہ محض سنگین نوعیت کے الزامات پر کسی کو ملزم کو ضمانت کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
 
فیصلے میں قرار دیا گیا کہ ضمانت کے مرحلے پر شک کا فائدہ ملزم کو جائے گا۔ فیصلہ میں نشاندہی کی گئی کہ وکیل صفائی کے مطابق ملزم کا تعلق اپوزیشن سے ہے اور وہ حکومت کا ناقد رہا ہے۔ فاضل جج نے قرار دیا کہ ضمانت پر رہائی کیلئے ملزم کا حکومت کا ناقد ہونا کے جواز ٹھوس نہیں لیکن اپوزیشن کے متحرک رہنما ہونے کی بنیاد پر انتقامی کارروائی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں سیاسی بنیاد پر کارروائی ایک کھلا سیکریٹ ہے۔ فریقین کے وکلاء کا موقف سننے کے بعد  ملزم رانا ثناء اللہ کی درخواست  ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 834906
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش