0
Monday 20 Jan 2020 16:41

سیہون واقعہ عدلیہ کیلئے بدنما داغ، متاثرہ لڑکی کو انصاف اور ملوث جج کو عبرتناک سزا دی جائے، جماعت اسلامی

سیہون واقعہ عدلیہ کیلئے بدنما داغ، متاثرہ لڑکی کو انصاف اور ملوث جج کو عبرتناک سزا دی جائے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے سیہون میں سول جج کی جانب سے چیمبر میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے ساتھ زیادتی کے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واقعہ کسی گلی کے غنڈے، بدمعاش یا دشمن ملک کے فوجی سے نہیں بلکہ ملک کے دوسرے ستون عدلیہ میں موجود ایک انسان نما بھیڑیئے کے ہاتھوں رونما ہوا ہے، یہ واقعہ پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ اور انصاف کے سب سے بڑے ادارے کے لئے ایک بدنما داغ ہے، اگر انصاف کے بجائے منصفوں کا یہ حال ہو اور انصاف کے ایوانوں میں اس طرح قوم کی بیٹیوں کی عزت کو تار تار کیا جائے تو پھر عوام کس سے انصاف کی امید کریں گے، حکومتی سرپرستی میں بے حیائی کو فروغ اور انٹرنیٹ کے بےجا استعمال پر اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ ملک میں پہلے ہی بیروزگاری، مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، نہ علاج معالجہ کی سہولیات ہیں نہ ہی تعلیم، اس کے باوجود عوام زندہ رہنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگاکر سب کچھ برداشت کررہی ہے، لیکن اب ان کی عصمتیں اور عزتیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ تبدیلی سرکار اور مدینے کی ریاست کے دعویدار حکمرانوں کی موجودگی میں عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، عوام اپنے دکھوں کا مداوا اور انصاف کیلئے عدلیہ کو سب سے بڑی امید سمجھتے ہیں، لیکن افسوس اور دکھ کی بات ہے کہ آج عدلیہ کے ایوان میں چھپے ہوئے ایک بھیڑیئے نے قوم کی ایک بیٹی کو بے آبرو کرکے پوری عدلیہ کو عوام کی نظر میں مشکوک کردیا ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے رہنما نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ سیہون میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہاتھوں مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی 18 سالہ سلمیٰ بروہی کو انصاف فراہم کیا جائے اور ملوث درندہ صفت جج کو عبرتناک سزا دیکر انصاف کے ایوانوں میں موجود ایسے وحشیوں کو نشان عبرت بنایا جائے، تاکہ دوبارہ اس منصب پر بیٹھے ہوئے کسی بھی شخص کو ایسا گھناﺅنا کام کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 839594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش