0
Friday 31 Jan 2020 12:42

قوم پر پیراشوٹ کے ذریعے مسلط کئے گئے حکمرانوں کے پاس نہ بہتر منصوبے ہیں اور نہ کوئی میگا پروجیکٹ، مولانا عبدالغفور حیدری

قوم پر پیراشوٹ کے ذریعے مسلط کئے گئے حکمرانوں کے پاس نہ بہتر منصوبے ہیں اور نہ کوئی میگا پروجیکٹ، مولانا عبدالغفور حیدری
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر دیوالیہ پن کا شکار ہو چکا ہے، قوم پر مسلط کئے گئے نا اہل اور بے حس حکمرانوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے، جن کے پاس کوئی روڈ میپ اور نہ ہی کوئی میگا پروجیکٹ ہے جسے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کیا جاسکے، عوام فاقہ کشی پر مجبور ہوکر خودکشیاں کررہے ہیں، ملکی خارجہ پالیسی کی بھی از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں دھاندلی زدہ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کی معاشی حالت روز بروز زوال کی طرف گامزن ہے۔ ملک میں بڑے صنعتی کاروباروں کو بند کیا جارہا ہے جبکہ نااہل اور بےحس عمرانی حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستانی معیشت کا دیوالیہ نکل چکا ہے۔ 

جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ قوم پر پیراشوٹ کے ذریعے حکمران مسلط کئے گئے ہیں، جن کے پاس نہ کوئی بہتر منصوبے ہیں اور نہ ہی کوئی میگا پروجیکٹ، جنہیں وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کر سکیں۔ ملک میں اس وقت بےچینی کا عالم ہے غریب عوام پر آئے روز مہنگائی کے نت نئے پہاڑ توڑے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام غربت سے تنگ آ کر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقص خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے اور پاکستان یک و تنہا ہوکر عالمی دنیا میں کھڑا ہے، حکمرانوں کی غلط پالیسی کی بدولت پاکستان خارجی لحاظ سے کمزور ہوتا جارہا ہے ملک میں کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، جس کے باعث ہمارے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔ ملک میں سب کچھ امریکہ کی آشیرباد یا پھر اس کی خوشنودی کے مدنظر رکھ کرفیصلے کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ نے آج تک پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا جس کے باعث ان کے فیصلوں کو عالمی دنیا میں مذاق سمجھا جاتا ہے جس کیلئے حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ خارجہ پالیسی کو ازسر نو متعین کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام آج بھی دھاندلی زدہ انتخابات کے باعث اقتدار میں پہنچنے والے نااہل حکمرانوں کیخلاف میدان میں عمل میں کھڑی ہے اور اس حکومت سے عوام کو چھٹکارا دلانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں موجودہ نااہل حکمرانوں کو ہر صورت میں گھر بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ملک کا ہرطبقہ پریشان ہے، ملک کو ایسے نااہل حکمرانوں کے رحم وکرم پر مزید نہیں چھوڑا جاسکتا۔
خبر کا کوڈ : 841748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش