0
Sunday 9 Feb 2020 12:57

ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز دبائی نہیں جا سکتی، شاہ محمود

ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز دبائی نہیں جا سکتی، شاہ محمود
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آوازکو دبایا نہیں جا سکتا، ہندوتوا کی سوچ  پر عمل پیرا، مودی سرکار کا اصل چہرہ پوری دنیاکے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گذشتہ روز آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں سید عبداللہ گیلانی، سید فیض نقشبندی اور یٰسین ملک کے نمائندے رفیق ڈار سمیت آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اہم قائدین سے گفتگو کر رہے تھے، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

حریت کانفرنس کے وفد نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کئے گئے جابرانہ و یکطرفہ اقدامات، غیرانسانی لاک ڈاؤن، مواصلاتی بندش، بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے حکومت پاکستان اور بالخصوص وزیراعظم عمران خان اوروزیرخارجہ کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ہندوتوا کی سوچ پر عمل پیرا، مودی سرکارکا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے پاکستان ہر سطح اور ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ سے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جبرواستبداد کا شکار، مظلوم کشمیریوں کی سسکیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔

کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ وفد نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیرِ خارجہ کو تجاویز بھی پیش کیں اور کہا کہ جس موثر انداز میں پاکستان نے عالمی فورمز پر مظلوم کشمیریوں کی وکالت کی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔
خبر کا کوڈ : 843532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش