0
Saturday 22 Feb 2020 00:31

وزیراعلیٰ پنجاب کا لیہ اور تونسہ کو موٹر وے کیساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا لیہ اور تونسہ کو موٹر وے کیساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت آج سرکٹ ہاؤس لیہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لیہ میں مفاد عامہ کی 2284 سکیموں پر کام جاری ہے اور ان ترقیاتی منصوبوں پر 18 ارب 77 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ترقی کے دائرے میں شامل کرکے لیہ کو اس کا حق لوٹائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ میں پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل کا دورہ کر رہا ہوں اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت نے لیہ کے عوام کو بھی زبانی جمع خرچ سے بہلایا اور سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرکے لیہ کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا۔ ہمارے دور میں لیہ کی محرومیاں دور ہوں گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لیہ کے علاقے چوبارہ میں انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تیزی اقدامات کیے جائیں گے۔ لیہ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی کام ہوں گے۔ لیہ اور تونسہ کو موٹر وے کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مسائل ہر سطح پر حل کیے جائیں گے۔ ڈیرہ غازی خان میں فرانزک لیب پر کام کیا جا رہا ہے اور فرانزک لیب کی تعمیر کا کام جلد مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیہ میں ڈی پی ایس سکول کے قیام کیلئے اقدامات کریں گے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔ لیہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی سب کیمپس کو اپ گریڈ کریں گے۔ رکن قومی اسمبلی نیاز احمد جکھڑ، اراکین صوبائی اسمبلی رفاقت علی، طاہر رندھاوا، شہاب الدین، ملک احمد علی اولکھ، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن، آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او لیہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 845998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش