0
Saturday 29 Feb 2020 21:48

سندھ حکومت کا زائرین امام رضا (ع) کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دینا قابل مذمت ہے، علامہ باقر زیدی

سندھ حکومت کا زائرین امام رضا (ع) کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دینا قابل مذمت ہے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کی بجائے عوام  میں خوف پھیلانے کے لئے جاری مہم تشویشناک ہے، سندھ حکومت کے ذمہ داران کی جانب سے زیارات مقدسہ سے واپس آنے والے زائرین کو کراچی سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کاذمہ دار قرار دیا جانا انتہائی غیر مناسب اور قابل مذمت ہے، یہ سب کس کی ایما پر کیا جا رہا ہے، جلد منظر عام پر آ جائے گا۔ ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ شہر قائد میں کرونا وائرس سے خوفزدہ عوام کے خلاف جہاں زخیرہ اندوزوں کی جانب سے انتہائی معمولی قیمت کے ماسک اور جراسیم سے بچاؤ کیلئے لیکویٹ کو انتہائی مہنگے داموں فروخت کرکے مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے، وہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے عالمی ادارہ صحت WHO سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے نام پر پیسہ بٹورنے کے لئے زائرین فرزند رسول (ص) حضرت امام رضا علیہ السلام کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بلوچستان حکومت کی جانب سے پاک ایران سرحد کو بند کرتے ہوئے سرحد کے دونوں اطراف موجود سینکڑوں زائرین شدید ذہنی اذیت دینا درست اقدام نہیں،، مقامات مقدسہ کی زیارات سے واپس آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے بارڈر اور ائیر پورٹس پرمناسب اور باعزت طریقے سے طبی معائنہ اور اسکریننگ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر وائرس کی تشخیص کا موثر انتظام کیا جائے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ملت تشیع کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ٹھہرانا اور اس کی میڈیا پر تشہیر معاشرتی استحصال، انتہائی غیر مناسب اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک نوجوان زائر یحییٰ جعفری اور اس کے اہل خانہ کو کرونا کا مریض ظاہر کرتے ہوئے ان کی ذاتی معلومات کو میڈیا پر وائرل کیا جانا انتہائی پست ذہنیت کا اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک چین کی سرحدوں کو بند کیوں نھیں کیا گیا؟ اور نا ہی عرب ممالک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باوجود ان ممالک سے پروازوں کی آمد پر کوئی پابندی عائد کی گئی؟ علامہ باقر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں کرونا وائرس کی آڑ میں ملت جعفریہ کا ٹرائل اور عالمی ادارہ صحت سے پیسہ بٹورنے کے لئے زائرین امام رضا علیہ السلام کو استعمال نا کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران ملک بھر میں ملت جعفریہ کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کا حکم دیں۔
خبر کا کوڈ : 847600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش