0
Wednesday 4 Mar 2020 17:55

اسرائیلی فوج کا مغربی کنارے میں بڑا کریک ڈاؤن، فلسطینی جوانوں سمیت حماس کے 3 رہنما بھی گرفتار

اسرائیلی فوج کا مغربی کنارے میں بڑا کریک ڈاؤن، فلسطینی جوانوں سمیت حماس کے 3 رہنما بھی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی فوج نے فلسطینی مغربی کنارے میں آج علی الصبح ایک وسیع کریک ڈاؤن آپریشن کیا ہے جس میں متعدد فلسطینی جوانوں سمیت مزاحمتی تحریک حماس کے 3 مرکزی رہنماؤں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کے اس کریک ڈاؤن آپریشن میں حماس کے گرفتار کئے جانے والے 3 مرکزی رہنما قبل ازیں سالہا اسرائیلی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔

قیدیوں کی دیکھ بھال کے فلسطینی مرکز کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فلسطینی پناہ گزین کیمپ الجلزون پر اسرائیلی حملے میں 52 سالہ باجس نخلہ کو گرفتار کیا گیا ہے جو اسرائیلی جیل میں 1 سال 7 ماہ کی قید کاٹنے کے بعد گزشتہ سال جون کے ماہ میں آزاد ہوئے تھے۔ اسرائیلی کارروائی میں گرفتار کئے گئے حماس کے دوسرے مرکزی رہنما 52 سالہ احمد مصطفی زید ہیں جو پہلی مرتبہ اسرائیلی جیل میں 11 سال اور دوسری مرتبہ 1 سال 6 ماہ کی قید کاٹ چکے ہیں جبکہ چند ماہ قبل ہی اسرائیلی جیل سے آزاد ہوئے تھے۔

فلسطینی مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے حماس کے تیسرے مرکزی کارکن 43 سالہ سائد ابولبہاء ہیں جنہیں شہر بیتونیا میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ سائد ابوالبہاء کو پہلی مرتبہ اسرائیل کی طرف سے 1 سال 8 ماہ کے لئے قید میں رکھا گیا تھا جس سے وہ سال 2018ء میں رہا ہوئے تھے جبکہ دوسری مرتبہ پھر انہیں 10 ماہ کے لئے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق تازہ اسرائیلی کریک ڈاؤن میں اسرائیلی جیلوں سے آزاد ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسرائیل کی اس کارروائی میں فلسطینی شہروں؛ عین سینیا، مادما، عورتا، عسکر البلد، طولکرم، دورا، بیت فوریک اور الزاویہ سے متعدد فلسطینی جوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فلسطینی دارالحکومت مقبوضہ قدس کے قدیمی علاقوں حارہ السعدیہ اور عیسویہ سے بھی اسرائیلی فوج نے متعدد فلسطینی جوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 848398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش