0
Friday 20 Mar 2020 11:25

22 مارچ کو ملک بھر میں عوامی کرفیو کیا جائے، نریندر مودی

22 مارچ کو ملک بھر میں عوامی کرفیو کیا جائے، نریندر مودی
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے حسب اعلان جمعرات کی رات آٹھ بجے ملک کے نام خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس کے اندیشوں کو سنجیدگی سے لینے کی اپیل کی اور عوام سے اس سے نپٹنے کے اقدامات کیلئے تعاون مانگا۔ نریندر مودی نے کورونا کو بڑی وبا قرار دیتے ہوئے اس کا مقابلہ کرنے کے لئے ملک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اتوار کو صبح سات بجے سے رات میں نو بجے تک ’عوامی کرفیو‘ لگائیں اور اس پر عملدرآمد کریں۔ مودی نے جمعرات کی شام ملک کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بچنے کے طریقے بتائے اور اس وبا سے نہ گھبرانے اور خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت  بہت بڑے بحران سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج ہر شہری سے ’عوامی کرفیو‘ کے لئے حمایت مانگ رہا ہوں۔ عوامی کرفیو یعنی عوام کے لئے عوام کے ذریعہ خود پر لگایا گیا کرفیو۔ انہوں نے کہا کہ اس اتوار یعنی 22 مارچ کو صبح سات بجے سے رات نو بجے تک ملک کے شہریوں کو ’عوامی کرفیو‘ پر عملدرآمد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہماری قوت برداشت،ملک کے مفاد میں کام کرنے کے عزم کا ایک مظہر ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ عوامی کرفیو کی کامیابی، اس کے تجربہ، ہمیں آنے والے چیلنجوں کے لئے بھی تیار کرے گا۔ مودی نے اپیل کی کہ کورونا سے نمٹنے کی اس مہم میں ہر شخص  روز کم  از کم دس افراد کو فون کرکے کورونا وائرس سے بچاؤ کے طریقوں کے ساتھ ہی انہیں ’عوامی کرفیو‘ کے تعلق سے بھی مطلع کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی کرفیو ہندوستان کے لئے ایک پیمانہ کی طرح ہوگا۔ یہ دیکھنے اور پرکھنے کا وقت ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کے خلاف لڑائی کے لئے ہندوستان کتنا تیار ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر  ڈاکٹروں، طبی شعبہ سے منسلک ملازموں، میڈیا اہلکاروں، ڈیلیوری بوائز اور دیگر ضروری خدمات مہیا کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔  مودی نے کہا کہ پورے ملک کے مقامی انتظامیہ سے بھی ان کی اپیل ہے کہ 22 مارچ کو پانچ بجے سائرن کی آواز سے اس کی اطلاع لوگوں تک پہنچائیں۔
 
بھارتی وزیراعظم مودی نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ یہ بہت بڑا خطرہ ہے جسے معمولی نہ سمجھا جائے بلکہ اس کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ کھانے پینے کی کوئی چیز کم نہیں ہوگی اس لئے سامان جمع کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ عام دنوں کی طرح ہی خریداری کریں۔ مودی نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ میں ایسی صورت پیدا نہیں ہوئی تھی جو اس وقت ہے، پوری انسانیت خطرے میں ہے۔ ملک کے 130 کروڑ عوام نے احتیاطی قدم اٹھائے ہیں لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے ایسا ماحول بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے کوئی خطرہ نہیں ہے، سب ٹھیک ٹھاک ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی وبا ہے اس لئے کورونا سے بے فکری ٹھیک نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 851484
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش