0
Wednesday 25 Mar 2020 22:45

اناج کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ، کراچی میں گندم، دالوں، چاول کی قلت کا خدشہ

اناج کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ، کراچی میں گندم، دالوں، چاول کی قلت کا خدشہ
اسلام ٹائمز ۔ دالوں، چاول، چینی، مصالحہ جات، گندم و دیگر اجناس کے تھوک تاجروں، درآمد کنندگان و برآمد کنندگان کی نمائندہ کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے) کے چیئرمین ملک ذوالفقار علی نے اناج کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی پولیس سے درخواست کی ہے کہ کراچی میں عوام کو اناج بشمول دالیں، چاول وغیرہ کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لئے پولیس اہلکاروں کو گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ سے فوری روکنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔

کے ڈبلیو جی اے کے رہنماؤں نے پنجاب سمیت اندروں سندھ سے آنے والی اناج سے لدی گاڑیوں کو راستوں میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے روکنے اور بے جا پریشان کرنے پر اپنے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس کا نوٹس لے، بصورت دیگر کراچی میں اناج کی قلت پیدا ہوسکتی ہے اور وہ بھی ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کی وباء کو روکنے کے پیش نظر سندھ حکومت نے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے، لہٰذا اگر اناج کی گاڑیاں بروقت مارکیٹ میں نہیں پہنچیں تو عوام کو دالوں اور چاول سمیت دیگر ضروری غذائی اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی ممکن نہیں ہوسکے گی۔

ملک ذوالفقار علی نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حفاظتی نقطہ نظر کے تحت صوبے بھر کی مارکیٹیں بند ہیں لیکن اناج کی مارکیٹ مسلسل کھلی ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی عوام کو بلاتعطل اناج کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے اور انہیں کھانے پینے کی کمی نہ ہو، مگر اناج کی گاڑیاں روکے جانے سے صورتحال گھمبیر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے گورنر، وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی پولیس سے درخواست کی کہ عوام کے بہتر ترین مفاد میں فوری طور پر ہدایت جاری کی جائے کہ اناج کی گاڑیوں کو نہ روکا جائے۔
خبر کا کوڈ : 852548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش