0
Monday 30 Mar 2020 03:03

پنجاب حکومت زائرین کی مکمل دیکھ بھال کر رہی ہے، قرنطینہ میں بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، ڈاکٹر اختر ملک

پنجاب حکومت زائرین کی مکمل دیکھ بھال کر رہی ہے، قرنطینہ میں بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، ڈاکٹر اختر ملک
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹر اخترملک، چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے ہمراہ قرنطینہ کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حالات کنٹرول میں ہیں، وزیراعظم عمران خان انتہائی تدبر کے ساتھ اس ایشو پر فیصلے کررہے ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پارلیمنٹیرین کو اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کو کہا ہے، وزیر توانائی نے کہا کہ پنجاب حکومت زائرین کی مکمل دیکھ بھال کر رہی ہے، قرنطینہ میں بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور ان کی پوری ٹیم متحرک ہے، ڈپٹی کمشنر نے اپنا کیمپ آفس قرنطینہ میں قائم کرلیا ہے، ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ وہ قرنطینہ میں خدمات سرانجام دینے پر فرد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے سماجی رابطے کم کر دیں۔ چیف وہپ قومی اسمبلی عامرڈوگر نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا وائرس کا چیلنج درپیش ہے، عوام کو ایک مشکل گھڑی کا سامنا ہے، صوبائی اور وفاقی حکومت نے عوام کوریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کو 40 ارب روپے کا پیکج دیا گیا ہے، ملک میں نافذ دفعہ 144 کی پابندیوں کے وجہ سے ہمیں مزدوروں کی مشکلات کو یاد رکھنا چاہیے، اہل ثروت حضرات دیہاڑی دار اور مزدورں کی مالی مدد کریں، عامر ڈوگر نے کہا کہ ملتان میں قائم قرنطینہ پاکستان کا سب سے بڑا اور بہترین سنٹر ہے، ہم اس وبا کے خاتمے میں ضرور کامیاب ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ کورونا وائرس کا شکار مریض قرنطینہ کے  علیحدہ بلاک میں قیام پذیر ہیں، تمام متاثرہ مریض بظاہر صحت مند ہیں، مریضوں کو نیوٹریشن کی تجویز کردہ خوراک دی جارہی ہے، ان مریضوں کو بھاپ لینے کے لیے الیکٹرک کیٹل دی گئی ہے۔ عامر خٹک نے کہا کہ متاثرہ مریضوں کو شہد، کلونجی اور جوشاندہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

ملتان قرنطینہ سنٹر حکومت کی طرف سے 48گھنٹوں کے نوٹس پر قائم کیاگیا، عامر خٹک نے کہا کہ زائرین قرنطینہ سے صحت یاب ہو کر جانے کے بعد اہلیان ملتان کی میزبانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، قرنطینہ میں کام کرنیوالا ہر فرد میری ٹیم کا حصہ ہے۔ بعدازاں ڈاکٹر اختر ملک اور ملک عامر ڈوگر نے قرنطینہ میں قائم ہسپتال کا بھی وزٹ کیا اور انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 853462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش