0
Friday 3 Apr 2020 18:34

تنظیم اتحادِ امت پاکستان کی 15 روزہ رجوع الی اللہ مہم شروع

تنظیم اتحادِ امت پاکستان کی 15 روزہ رجوع الی اللہ مہم شروع
اسلام ٹائمز۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان نے ملک گیر سطح پر15 روزہ رجوع الی اللہ مہم شروع کر دی، اس سلسلہ میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یوم ”توبہ “منایا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان پیر محمد ضیاءالحق نقشبندی نے کہا کہ اللہ کی طرف رجوع ہی تمام مسائل کا حل ہے، ہمیں اللہ کی ناراضگی سے ڈرتے ہوئے ہمیشہ توبہ استغفار کرتے رہنا چاہیئے تاکہ اللہ ہم پر مہربان رہے، کیونکہ اللہ کی رضا ہی سے ہم” کورونا وباء“ سے بچ سکتے ہیں، دنیا کا ہر انسان اللہ کی بارگاہ میں مجرم ہے تمام انسانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اعمال کی طرف نظر دوڑائیں تو انہیں علم ہو کہ اس سے بڑا گناہ گار اور کوئی نہیں، اس لئے آئیں عہد کریں کہ دنیا کی تمام ناراضگیاں ہمیں قبول ہیں لیکن اللہ کو ہم آج کے بعد ناراض نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برداری حکومتی فیصلوں کی پابندی کرے تاجر برداری کو خصوصی طور پرخوف خدا سے کام لینا چاہیئے کیونکہ ناجائز منافع خوری انسانیت کو روز مرنے اور روز جینے پر مجبور کرتی ہے، تاجر ناجائز منافع خوری سے جہنم میں جا سکتے ہیں، توبہ بندے کو ولی بناتی ہے اور سختی بندے کو گمراہی کی طرف لے جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کے حکمران انسانیت پر کرانیوالے مظالم پر توبہ کریں، مسلم حکمران یکسو یکجا ہو کر اللہ کی بارگاہ میں توبہ کریں، اور مسلم حکمران جلد از خانہ کعبہ میں اکٹھے ہو کر توبہ کرنے کا اعلان کریں، پوری دنیا اور خاص طور پر پاکستان کا ہر فرد مساجد اور گھروں میں اذانیں دینے کا سلسلہ جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ مالک مزدور کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کریں، تاکہ کسی غریب کا چولہا ٹھنڈا نہ ہو، مالک مکان ایک ماہ کا کرایہ چھوڑنے کا اعلان کریں، قرضہ لینے والے قرضہ دینے والوں کو معاف نہیں کر سکتے تو کم ازکم چند ماہ کا ریلیف ضرور دیں، زکوٰة ادا کرنیوالے فی الفور زکوٰة دینی شروع کریں، وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے تعمیراتی بزنس کے فیصلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں تاجر برداری مزدور کی اجرت میں اضافہ کریں تاکہ غریب آدمی بھی سکون کی زندگی بسر کر سکے کیونکہ رسول اللہ (ص) نے مزدوروں کا خصوصی خیال رکھنے کا حکم دیا ہے اس لئے جو مزدور کو خوش کرے گا گویا اس نے رسول (ص) کو خوش کیا۔
خبر کا کوڈ : 854449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش