0
Thursday 16 Apr 2020 00:33

حافظ نعیم الرحمن کی وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

حافظ نعیم الرحمن کی وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کی خواہش پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مراد علی شاہ سے ملاقات میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال، لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد، نکالے گئے ملازمین، مساجد، حکومتی ریلیف اقدامات سمیت شہریوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کے بہنوئی کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جماعت اسلامی کے وفد کا وزیر اعلیٰ ہاؤس میں آمد پر خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس صورتحال میں جماعت اسلامی کے تعاون اور خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ آئندہ بھی باہمی تعاون کے ساتھ عوام کے مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کریں گے۔ وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید اور ڈائریکٹر کورونا ریلیف قاضی سید صدرالدین بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ فیکٹریوں سے مزدوروں کو نکالا جارہا ہے، کاروباری حلقوں، دوکانداروں اور بازاروں میں کام کرنے والے شہری شدید مایوس ہیں اور پریشانی سے دوچار ہیں، اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے حفاظی سامان مہیا نہیں ہے، راشن کی تقسیم میں عزت نفس کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے جبکہ عمومی طور پر سرکاری مشینری باقاعدہ کوآرڈی نیشن کے ساتھ کام نہیں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیسر ٹاؤن کے واقع پر ہر طرح کے سیاسی دباؤ سے آزاد ہوکر ذمہ داروں کے خلاف پوری قانونی کارروائی ہونی چاہیئے، انتظامیہ کی انتہائی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے دہشت گرد عناصر نے آزادانہ فائرنگ کرکے جماعت اسلامی کے کارکن جاوید کو شہید کردیا اور 5 کارکنان کو زخمی کردیا، گرفتار شدہ ملزمان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائے، مساجد میں نمازوں کے باجماعت نظام کو ایس او پی پر عملدرآمد کے ساتھ بحال ہونا چاہیئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کے فیصلے اور اقدامات برسرزمین بولتے ہوئے نظر آنے چاہیئں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ اس بحرانی وبائی صورتحال میں ہم نے روز اول سے تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر حکومت کے ساتھ تعاون کا غیر مشروط فیصلہ کیا ہے اور ہم مسلسل تعاون کررہے ہیں لیکن نظر یہ آرہا ہے کہ حکومتی مشینری عوام کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے معاملات میں پوری طرح انجام دہی میں کامیاب نظر نہیں آرہی، اس ساری صورتحال میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ ہم کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی کے ساتھ پوری طرح سے تعاون کرنے کو تیار ہیں اور ہم اپنی تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو اس وباء کے خطرناک اثرات اور اس صورتحال میں پیدا ہونے مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے شہید جاوید کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی اور گرفتار کئے گئے معزز شہریوں کو بھی جلد رہا کردیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 856956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش