0
Wednesday 22 Apr 2020 03:24

نہ ہوگا بانس اور نہ بجے گی بانسری، کراچی میں پولیس کی انوکھی واردات

نہ ہوگا بانس اور نہ بجے گی بانسری، کراچی میں پولیس کی انوکھی واردات
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے ویسٹ زون کے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سر سید ٹاؤن تھانے کے پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل چوری روکنے کیلئے انوکھی کارروائی کی ہے۔ گھروں میں سوئے ہوئے شہری صبح اٹھیں گے تو ان کی موٹر سائیکلوں پر بیتی سامنے آئے گی، لیکن علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے سر سید ٹاؤن پولیس کی اس پراسرار اور مجرمانہ کارروائی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ سر سید ٹاؤن کے علاقے کی گذشتہ رات 8 بج کر 45 منٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس موبائل سے اتر کر ایک اہلکار گلی میں کھڑی موٹر سائیکلوں کے پلگ کیپ نکال رہا ہے۔

پولیس اہلکار کی اس پراسرار کارروائی کا مقصد تمام موٹر سائیکلوں کو ناکارہ بنانا ہوسکتا ہے، موٹر سائیکل کی پلگ کیپ نہیں ہوگی تو اس کے انجن کو کرنٹ نہیں ملے گا اور موٹر سائیکل اسٹارٹ نہیں ہوسکتی۔ کورونا وائرس کے سلسلے میں کئے گئے لاک ڈاؤن میں روزانہ کی بنیاد پر گھروں سے نکلنے والے یہ شہری صبح موٹر سائیکل اسٹارٹ نہ ہونے کی صورت میں گھروں سے نہ نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے یا موٹر سائیکل چوری نہیں ہوسکیں گی، کیونکہ موٹر سائیکل اسپیئر پارٹس کی دکانیں بند ہونے کی وجہ سے پلگ کیپ ملنا مشکل ہوگا، شاید اسی لئے یہ محاورہ بنایا گیا ہے کہ "نہ ہوگا بانس اور نہ بجے گی بانسری۔"

سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس موبائل پر آگے کی نمبر پلیٹ نہیں ہے، تاہم پولیس موبائل پر ویسٹ زون اور سر سید ٹاؤن تھانہ واضح طور پر لکھا ہوا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایس ایچ او سر سید ٹاؤن کی سرزنش کی ہے۔ عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر موبائل اہلکاروں پر برہمی کا اظہار کیا تھا، جس پر اہلکاروں نے ہینڈل لاک کھلی موٹر سائیکلوں کی چوری بچانے کے لئے پلگ کیپ نکالے۔ ایس ایس پی کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس اہلکاروں کو تنبیہ کرکے آئندہ ایسی کارروائی سے روکا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 858151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش