0
Thursday 23 Apr 2020 12:35

امریکی صدر نے پاکستان کو وینٹی لیٹرز دینے کی پیشکش کی ہے، شاہ محمود قریشی

امریکی صدر نے پاکستان کو وینٹی لیٹرز دینے کی پیشکش کی ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو وینٹی لیٹرز دینے کی پیشکش کی ہے، یہ پیشکش امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک بات چیت میں کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور امریکہ کے سربراہان حکومت کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک بات چیت پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور صدرڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رابطہ پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیراعظم اور صدر کے درمیان کورونا وائرس سے نمٹنے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعظم نے امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات پر اظہار افسوس کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطابق دوران بات چیت دونوں رہنماؤں کے مابین علاقائی سیکورٹی اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم اور امریکی صدر نے مسئلہ افغانستان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں امریکی صدر نے پاکستان کو وینٹی لیٹرز دینے کی پیشکش کی۔ وائٹ ہاؤس نے کچھ دیر قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کی بابت بتایا تھا کہ کورونا سے عالمی معیشت پہ پڑنے والے اثرات اوراس کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف اور دیگر فورمز پر تعاون کرنے پہ امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ان کے پروگرام سے کورونا جیسی مہلک وبا کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی میں سب سے زیادہ اہمیت اس وقت تقریباً تمام ممالک میں وینٹی لیٹرز کی ہے۔ اس کی اہمیت اور مانگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی ایک مشکل ترین مرحلہ ہے۔ پاکستان نے گزشتہ دنوں 800 وینٹی لیٹرز کا آرڈر چینی سفیر کے تعاون سے دیا ہے۔ عالمی اعداد و شمار کے حساب سے ملک میں مزید وینٹی لیٹرز درکار ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 858466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش