0
Saturday 2 May 2020 10:51

کالعدم تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے گئے

کالعدم تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ایسے افراد کو انسداد دہشتگردی کے فورتھ شیڈول سے نکال دیا ہے جنھیں ریاستی یا معاشرے کیخلاف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بنا پر اس شیڈول میں شامل کیا گیا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے  مطابق 2018 میں فناشل ایکشن ٹاسک فورس کو پاکستانی حکومت کی طرف سے جو فہرست پیش کی گئی تھی اس میں ایسے افراد کی تعداد 7 ہزار سے زیادہ تھی لیکن گزشتہ تقریباً دو برسوں کے دوران اس فہرست میں سے ساڑھے 3 ہزار سے زیادہ افراد کو نکال دیا گیا۔ دہشتگردی سے نمٹنے کے قومی ادارے نیکٹا کی ویب سائٹ پر ان افراد کی تعداد 3608 ہے، جنھیں ابھی تک فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے محکمہ داخلہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فورتھ شیڈول سے نکالے جانیوالے سب سے زیادہ افراد کا تعلق اسی صوبے سے ہے اور یہ تعداد 1700 سے زیادہ ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ جن افراد کے نام انسداد دہشتگردی کے فورتھ شیڈول سے نکالے گئے ہیں ان میں سے زیادہ کا تعلق کالعدم تنظیموں سے رہا ہے اور گزشتہ دو برسوں کے دوران ان کی سرگرمیوں کے بارے میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دی جانیوالی رپورٹ کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے نام اس لسٹ سے نکالے جاتے ہیں۔ اہلکار کے مطابق جن افراد کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے گئے ہیں ان میں ایسے افراد کی قابل ذکر تعداد بھی شامل ہے جن کے نام گزشتہ دس برسوں سے اس فہرست میں شامل تھے اور ان کے نام نکالنے کے حوالے سے ماضی میں کوئی فیصلے نہیں لیے گیے تھے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے اہلکار کے مطابق جن افراد کے نام اس فہرست سے نکالے گئے ہیں ان کے بارے میں متعقلہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بنائی گئی کمیٹیوں کی طرف سے دی گئی سفارشات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہائیکورٹ کے حکم پر بھی متعدد افراد کے نام فورتھ شیڈول لسٹ سے نکالے گئے ہیں۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ چونکہ کالعدم تنظیموں کیخلاف مؤثر کارروائی کی وجہ سے ان تنظیموں سے وابستہ افراد کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں اور گزشتہ دو برسوں کے دوران ملک میں شدت پسندی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے اس لیے ضلعی کمیٹیوں نے ان افراد کے نام فورتھ شیڈول سے نکالنے پر غور کیا گیا۔ اہلکار کے مطابق جن افراد کے نام اس فہرست سے نکالے گئے ہیں ان میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق جنوبی پنجاب کے اضلاع سے ہے اور ان اضلاع میں بہاولپور اور بہاولنگر کے علاوہ بھکر اور میلسی بھی شامل ہیں۔ اہلکار کے مطابق یہ تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 860216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش