0
Wednesday 6 May 2020 17:20

جماعت اسلامی کا بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی و ناجائز منافع خوری پر اظہار تشویش

جماعت اسلامی کا بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی و ناجائز منافع خوری پر اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی اور ناجائز منافع خوری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند، پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرکے مہنگائی، ظلم کے پسے ہوئے عوام کو ریلیف دے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ عوام پہلے ہی غربت و افلاس، مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے سخت پریشان ہے، مگر رمضان شریف کا مبارک مہینہ آتے ہی ناجائز منافع خوروں نے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے روزمرہ کی اشیاء کو غریب آدمی کی دسترس سے دور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نہ صرف مسلم ریاستوں بلکہ مغرب میں آباد مسلمانوں کیلئے بھی وہاں کی حکومتیں رمضان مبارک کے مہینے میں خصوصی بازاروں کا اہتمام کرتی ہیں، تاکہ وہاں کی مسلم کمیونٹی کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، بدقسمتی سے ہمارے ہاں اس کے بالکل برعکس ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو پولیس نے کرپشن کا ذریعہ، تو دوسری طرف ناجائز منافع خوروں نے عوام کو دہرے عذاب میں ڈال دیا ہے، تمام اشیائے صرف اور خورونوش سبزی پھل، گوشت دالیں ہر چیز عوام کی پہنچ سے باہر ہے، رمضان آتے ہی مہنگائی کو پر لگ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خور کچھ تو خدا کا خوف کریں، مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، مگر دوسری جانب حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرکے عوام کو ریلیف دے، تاکہ رمضان المبارک کے مبارک لمحات سکون کے ساتھ گذار سکیں۔
خبر کا کوڈ : 861082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش