0
Monday 11 May 2020 12:25

بلوچستان میں میڈیا سے وابستہ 2 درجن سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار

بلوچستان میں میڈیا سے وابستہ 2 درجن سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دو درجن سے زائد صحافی اور میڈیا ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں جبکہ 72 ڈاکٹرز اور 40 پیرامیڈکس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں ہسپتالوں اور ان کے گھروں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صحت حکام نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔سرکاری رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان میں 82 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعدا 2 ہزار 17 ہو گئی تھی۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے کہا کہ کورونا وائرس کے 2 مریضوں کے انتقال کے بعد بلوچستان میں اموات کی مجموعی تعداد 24 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 86 فیصد افراد مقامی سطح پر کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ ان افراد نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا۔

وائرس سے متاثر ہونے والے میڈیا سے وابستہ افراد میں سینئر صحافی، بیورو چیفس، نجی ٹی وی چینلز کے کیمرا مین اور میڈیا دفاتر کے مختلف حصوں میں فرائض انجام دینے والے ورکرز شامل ہیں۔ صحت حکام نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب میں 50 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں سے 27 کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ عملے کے کچھ ارکان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد 2 نجی چینلز کے بیورو دفاتر کو سیل بھی کر دیا گیا ہے۔ یال رہے کہ 3 مئی تک پاکستان بھر میں کم از کم 38 صحافیوں میں کورونا کی تصدیق ہوچکی تھی جب کہ 2 صحافی اس کے باعث زندگی کی بازی بھی ہار چکے تھے۔
خبر کا کوڈ : 861938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش