0
Friday 15 May 2020 23:03

بلوچستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کا ہفتہ آزادی قدس منانے کا اعلان

بلوچستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کا ہفتہ آزادی قدس منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ پریس کلب میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں تحریک آزادی فلسطین کی حمایت بھرپور طریقے سے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، مولانا عبدالحق ہاشمی امیر جماعت اسلامی بلوچستان، پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی وائس چیئرمین سنی سپریم کونسل بلوچستان، سینٹر میر مہیم خان بلوچ بزرگ قوم پرست رہنماء، مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمان صوبائی رہنما فلسطین فاونڈیشن بلوچستان، مولانا رانا محمد اشفاق صوبائی امیر جماعت الدعوۃ بلوچستان، آغا سہیل اکبر شیرازی صوبائی رہنما فلسطین فاونڈیشن بلوچستان، مولانا منور حسین سولنگی رہنما فلسطین فاونڈیشن بلوچستان و دیگر نے 15 تا 22 مئی مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا ہفتہ قرار دیا۔ کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر سال دنیا کے کروڑوں مسلمان فلسطین پر صہیونی ناجائز تسلط کے خلاف اور قبلہ اول بیت القدس و سرزمین فلسطین کی آزادی کے لئے عالی یوم القدس  مناتے ہیں۔ اسرائیل سنہ 1948ء میں دنیا میں آنے والا سب سے خطرناک کورونا وائرس ہے۔ موجودہ حالات میں کورونا وائرس اور اسرائیل نامی کورونا وائرس دونوں انسانیت کے لئے خطرہ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یوم نکبہ اور جمعۃ الوداع یوم القدس کے عنوان سے ہفتہ آزادی القدس مہم 15 مئی سے 22 مئی تک چلائی جائے گی۔ عوام یوم القدس کے موقع پر جمعۃ الوداع کو گھروں کی چھتوں اور کھڑکیوں سے پاکستان اور فلسطین کے پرچم لہرا کر یوم القدس میں شامل ہوں۔ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کی مناسبت سے 15 مئی تا 22 مئی تک ہفتہ آزادی القدس بعنوان ’’القدس شہداء کا راستہ‘‘ شعار کے تحت منایا جائے گا۔ حالیہ صورتحال اور لاک ڈاون کے پیش نظر ملک بھر میں بڑی سرگرمیاں انجام نہیں دی جا رہی ہیں، تاہم فلسطین کے مظلوموں کو اس موقع پر کورونا سمیت اسرائیل کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، تاہم فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے تحت ملک بھر میں سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جائے گی جبکہ دیگر شہروں میں بھی پریس کلانفرنسز کا انعقاد کرکے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے ناپاک وجود کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ ہم پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی اور این جی اوز سے اپیل کرتے ہیں کہ ہفتہ آزادی القدس کے دوران آن لائن تحریری و سوالاتی مقابلہ جات کئے جائیں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعہ پاکستان بھر کے عوام تک فلسطینیوں کی مظلومیت کا پیغام پہنچایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین فاونڈیشن پاکستان بانیان پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے وضع کردہ اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھے گی، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں موجود اسرائیل نواز لابی کے خلاف سخت کریک ڈاون کیا جائے اور وزیراعظم اپنی صفوں میں گھس جانے والے اسرائیلی ایجنٹوں کا صفایا کریں۔ ہم اس موقع پر سرزمین بلوچستان کوئٹہ کے ان شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے قبلہ اول اور سرزمین فلسطین کی آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ ان شہداء کا پاکیزہ خون رنگ لائے گا اور ان شاء اللہ عنقریب قبلہ اول بیت القدس اور فلسطین آزاد ہوگا۔ ہم اس موقع پر کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد آزادی کی بھی حمایت کرتے ہوئے عالی برادری خصوصاً امت مسلمہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہر سطح پر آزادی کشمیر کے حق میں آواز بلند کریں۔
خبر کا کوڈ : 862916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش