0
Sunday 24 May 2020 11:08

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایوان وزیراعلیٰ نماز عید ادا کی، ملکی سلامتی کیلئے دعا

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایوان وزیراعلیٰ نماز عید ادا کی، ملکی سلامتی کیلئے دعا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالفطر کی نماز وزیراعلیٰ آفس کے لان میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قیام امن کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کورونا اور طیارہ حادثے کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمیں آج شہداء کے اہلخانہ کو بھی یاد رکھنا ہے، دعا ہے کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل طے کرے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالفطر کے موقع پر کہا ہے کہ ماہ صیام کے بعد عید الفطر یقینا اللہ کریم کا بہترین انعام ہے، عیدالفطر مسلمانوں کیلئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانےکا دن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا کے غیر معمولی حالات کی وجہ سے یہ عید غیر معمولی ہے، کورونا کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگاری اور تنگ دستی کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں، عید پر انہیں مت بھولیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اور طیارہ حادثے کی وجہ سے عید سادگی سے منائی جا رہی ہے، شہداء کے لواحقین کے غم میں پوری طرح شریک ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، اپنے اردگرد سفید پوش افراد کی مدد کرکے اللہ تعالیٰ کو راضی کیجیے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ آج ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ہم شہداء کے عظیم اہلخانہ کیساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 864580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش