0
Thursday 28 May 2020 10:33

حکومت علماء کیساتھ مل کر مستقل بنیادوں پر رویت ہلال کا مسئلہ حل کرے، لیاقت بلوچ

حکومت علماء کیساتھ مل کر مستقل بنیادوں پر رویت ہلال کا مسئلہ حل کرے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رویت ہلال کے معاملے پر علماء اور وفاقی وزیر کے درمیان تنازع کے نتائج خطرناک ہوں گے، حکومت تفرقے کو ہوا نہ دے۔ حکومت علماء کیساتھ مل کر مستقل بنیادوں پر رویت ہلال کا مسئلہ حل کرے، دنیا کو پاکستان کیخلاف جگ ہنسائی کا موقع نہ دیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اشتراکیت کے بعد مغربی سرمایہ دارانہ نظام بھی زمین بوس ہو رہا ہے، ریاست مدینہ کے نظام کی دعویدار حکومت کیلئے تاریخی موقع ہے کہ نئے نظام کی متلاشی دنیا کو پاکستان، اسلام کا مثالی نمونہ بن کر دکھائے۔
 
لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر ہندو اور فلسطین یہودیوں کے قبضہ میں ہے، عالم اسلام کے انتشار کی وجہ سے مسلمان بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کراچی میں فضائی حادثہ پر غم زدہ ہے، غیر جانبدارانہ تحقیقات ہی مطلوب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پھیل رہی ہے اور حکومت ازسر نو قوم کو دھمکا رہی ہے، اصل میں عمران سرکار کے تذبذب نے پوری قوم کو مشکلات کا شکار کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 865170
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش