0
Friday 5 Jun 2020 02:22

اسٹیل ملز کے ملازمین کو واجبات ادا کرنے کے بجائے انکو نوکریوں سے فارغ کرنا ظلم ہے، مصطفیٰ کمال

اسٹیل ملز کے ملازمین کو واجبات ادا کرنے کے بجائے انکو نوکریوں سے فارغ کرنا ظلم ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گولڈن ہینڈ شیک کے نام پر اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین کی جبری برطرفی پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتی فیصلے کو ہزاروں ملازمین کا معاشی قتل اور کراچی دشمنی قرار دیا ہے، سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے اسٹیل ملز کے پندرہ ہزار ملازمین کو واجبات ادا کرنے کے بجائے ان کو نوکریوں سے زبردستی فارغ کرنا سراسر ظلم ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پوری انتخابی مہم اداروں کی مضبوطی، قرضوں کے خاتمے اور معیشت کی بحالی پر چلائی تھی لیکن اب ایک ایک کرکے اداروں کو نجکاری کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، حکومت کا اسٹیل ملز کے ملازمین کو فارغ کرنے کے حالیہ اقدام نے ناکام معاشی پالیسی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، عمران خان نے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے سے پہلے اسٹیل ملز کے ملازمین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ جیسے ہی وزیراعظم بنیں گے ملازمین کے واجبات ادا کردیئے جائیں گے لیکن افسوس وزیراعظم صاحب نے ایک بار پھر اپنے ہی وعدے سے یوٹرن لیتے ہوئے ہزاروں ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان ہاؤس میں اسٹیل ملز کے ورکرز وفد سے بات کرتے ہوئے کہی۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اب یہ واضح ہوتا جارہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی دشمنی پر اتری ہوئی ہیں، ایک طرف کراچی والوں کو پہلے ہی نوکریاں اور تعلیمی مواقع سے محروم رکھا جا رہا تھا، سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت 115 افراد جو کمیشن ملا جس میں سے ایک بھی اردو بولنے والا نہیں، ایم ڈی اے کے 1600 ملازمین اور واٹر بورڈ کے ہزاروں ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں، طالبعلوں کے لئے وظائف کے اشتہارات میں باقاعدہ طور پر کراچی والے زحمت نا کریں لکھ دیا جاتا ہے تو دوسری جانب اب اسٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین کو واجبات ادا کئے بغیر گولڈن شیک ہینڈ کے نام پر جبری برطرفی انکے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، یہ معاملہ صرف 9,235 ملازمین کا نہیں بلکہ ان سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کا ہے، حکومتی فیصلے سے ہزاروں خاندان شدید اضطراب کا شکار ہوچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 866638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش