0
Monday 8 Jun 2020 22:54

ملک میں جولائی اگست میں کورونا کیسز عروج پر ہونگے، عمران خان

ملک میں جولائی اگست میں کورونا کیسز عروج پر ہونگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ جولائی یا اگست میں ملک میں کورونا کیسز عروج پر ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا، جس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عوام احتیاط کر لیں تو پاکستان اس تباہی سے نہیں گزرے گا، جو دیگر امیر ممالک پر آئی ہے، ہم نے احتیاط نہ کی تو بڑا مشکل وقت آنے والا ہے اور ملک کو نقصان ہوگا، لاک ڈاؤن سے کورونا ختم نہیں ہوتا بلکہ وبا پھیلنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کوئی ملک زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرسکتا، کیونکہ بے روزگاری بڑھتی ہے، ہماری ساری جدوجہد یہ ہے کہ ملک میں کورونا آہستہ پھیلے اور تیزی سے نہ پھیلے، تاکہ اسپتالوں پر بوجھ نہ پڑے، ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، احتیاط کریں گے تو محفوظ رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آکسیجن والے مزید ایک ہزار بستر ملک بھر میں تقسیم کریں گے، پاک نگہبان کے نام سے ویب سائٹ اور ایپ لانچ کر رہے ہیں، جس سے پتہ چل جائے گا کہ کس شہر میں کتنے بستر دستیاب ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جولائی کے آخر یا اگست کے شروع میں کورونا کیسز عروج پر ہوں گے، لوگ اس وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، وہ ایس او پیز پر عمل نہ کرکے اپنوں کی زندگی خطرے میں اور ملک کو مشکل میں ڈال رہے ہیں، سب لوگوں سے اپیل ہے کہ ماسک ضرور پہنیں، کیونکہ اس سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ 50 فیصد کم ہو جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 867372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش