0
Monday 15 Jun 2020 04:06

طاغوتی و استکباری نظام کی جڑیں کھوکھلی ہوچکی ہیں، بہت جلد یہ زمین بوس ہوجائیگا، علامہ ناصر عباس جعفری

طاغوتی و استکباری نظام کی جڑیں کھوکھلی ہوچکی ہیں، بہت جلد یہ زمین بوس ہوجائیگا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نسلی امتیاز نے امریکہ کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں، صدر ٹرمپ امریکہ کا وہ متنازعہ اور متعصب صدر ہے، جس نے ہمیشہ دماغ کی بجائے جذبات سے فیصلے کرکے عالمی سلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کیا، طاغوتی و استکباری نظام کی جڑیں کھوکھلی ہوچکی ہیں اور بہت جلد یہ نظام زمین بوس ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد جارج فلائیڈ کی ہلاکت سے نسلی بنیادوں پر شروع ہونے والے فسادات امریکہ کی تباہی کا آغاز ہیں، امریکی عوام حکومت کے قابو سے باہر ہوچکے ہیں، اپنے عوام کو کنٹرول کرنے میں بے بسی کا شکار امریکہ اب دنیا سے منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی تنزلی کی بنیادی وجہ مسلمانوں کے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت رہی ہے، مسلمان ممالک جس ملک کو آج تک سپرپاور سمجھتے رہے ہیں، وہاں کے عوام نے اپنی حکومت کے خلاف اشتعال انگیز مظاہرے اور جلاو گھیراؤ کرکے امریکی طاقت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ افغانستان، عراق اور شام سمیت دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانون کے خون سے ہاتھ رنگنے والا ملک مکافات عمل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت عالم اسلام کے عظیم مجاہد قاسم سلیمانی شہید کا بدلہ امریکہ سے لے کر رہے گی، امریکہ کی رعونت اس کی بربادی کا سبب بن رہی ہے، یہود و نصاریٰ سے دوری اختیار کرکے امت مسلمہ دنیا و آخرت میں فتح یاب ہوسکتی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ امریکہ اور اس کے حواریوں کے بلاک سے علیحدگی ہی عالم اسلام کی سالمیت و بقاء کی ضمانت ہے، جو ممالک امریکہ کے دامن سے لپٹے رہیں گے، ذلت و بربادی ان کا مقدر رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 868615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش