0
Monday 15 Jun 2020 19:50

لاہور، طلبہ تنظیموں نے فیسوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا

لاہور، طلبہ تنظیموں نے فیسوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ مختلف طلباء تنظیموں کے رہنماؤں نے لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، ہر طبقہ فکر کے افراد معاشی اعتبار سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں لہٰذا حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کی فیسوں میں کمی کروائے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنیوالے طلباء کیلئے ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے تحت بلاسود قرضے دئیے جائیں تاکہ طلباء و طالبات اپنی سمسٹر فیسیں ادا کر سکیں۔

پریس کانفرنس میں چودھری عرفان یوسف مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، سہیل چیمہ مرکزی صدر مسلم سٹوڈنٹ فیڈریشن مسلم لیگ قائداعظم، ملک اویس مرکزی سیکرٹری جنرل اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن، حافظ محمد آبشار صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جمعیت طلباء اسلام، حافظ فرحان عزیز صدر ایم ایس ایم سنٹرل پنجاب، محمد عمران صدر ایم ایس ایم جنوبی پنجاب، علی قریشی صدر ایم ایس ایم سندھ، سید فراز ہاشمی سوشل میڈیا ہیڈ ایم ایس ایم پاکستان شریک تھے۔

طلباء رہنماؤں نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کیلئے جی ڈی پی کا 1.4 فیصد بجٹ انتہائی کم اور تعلیم کی اہمیت سے انکار کے مترادف ہے، ہائر ایجوکیشن کیلئے بجٹ بھی بہت تھوڑا ہے، آن لائن ایجوکیشن کیلئے ٹیچر ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا جائے، مستقبل کی ایجوکیشن میں آن لائن سسٹم کا کردار مرکزی ہو گا، لہٰذا حکومت ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائے، بلوچستان، کشمیر اور فاٹا کے ایریاز میں بھی انٹرنیٹ کی سہولیت مہیا کی جائے۔

طلبہ رہنماوں نے کہا آن لائن امتحانات اوپن بک سسٹم، اسائنمنٹس اور پراجیکٹس کی بنیاد پر لیے جائیں، اگلے سمسٹر میں بچوں کو شروع سے ہی آن لائن امتحانات کے طرز پر Quizez لیں تاکہ وہ اس سسٹم کے استعمال کے عادی ہو سکیں، عالمی معیار کے مطابق شرح خواندگی کے اہداف کے حصول کیلئے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے، حکومت یکساں نظام تعلیم لانے کا وعدہ پورا کرے، شعبہ تعلیم کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 868787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش